پاکستانی یونیورسٹی میں پڑھایا جانے والا  کورس جس سے 100 فیصد روزگار ملتا ہے؟

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں اکثر یہ شکایت سامنے آتی ہے کہ یونیورسٹیوں میں پڑھائے جانے والے کورسز صنعتوں کی ضرورت سے ہم آہنگ نہیں ہوتے تاہم پاکستانی یونیورسٹی میں پڑھایا جانے والا ایک کورس ایسا بھی ہے جس سے 100 فیصد روزگار ملتا ہے۔

اسلام آباد میں قائم نیو ٹیک یونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹینیٹ جنرل (ریٹائرڈ) معظم اعجاز نے وی نیوز کو بتایا کہ ان کی درس گاہ میں پڑھایا جانے والا ’ہاسپیٹیلیٹی مینجمنٹ کورس‘ اتنا کامیاب ہے کہ اس میں روزگار کی شرح 100 فی صد ہے۔

’اس کورس کے لیے ہمارا فن لینڈ کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔ 9 مہینے کا یہ کورس ہوتا ہے جس کے اختتام پر انہیں پاکستان اور فن لینڈ کی اسٹیمپ کے ساتھ سرٹیفیکیٹ دیا جاتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اب چین، سعودی عرب اور جرمنی کے ساتھ بھی اس طرح کے معاہدوں کی جانب بڑھیں گے۔

نیو ٹیک یونیورسٹی کے ریکٹر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ چونکہ یونیورسٹی کے نصب العین کے مطابق ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ ہم بچے کو ہنر سیکھائیں اور ہم بچوں کو یہی سیکھاتے ہیں کہ ڈگری زندگی کی معراج نہیں ہے اور اسی لیے ہم بچوں کو انڈسٹری کے عملی پراسس سے گزارتے ہیں۔ جس سے وہ یہ سیکھتا ہے کہ انڈسٹری کی بچے سے کیا توقعات ہیں اور انہیں یہ چیز ذہن نشین کرواتے ہیں کہ اس کا مقصد ملازمت نہیں ہے بلکہ وہ ہنر سیکھ کر اپنا کاروبار شروع کرے اور مزید لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے، اور یہی وجہ ہے کہ گریجویٹ ہونے سے پہلے ہی ہماری یونیورسٹی کے طلبا نوکریاں مل جاتی ہیں۔ اور ہم یونیورسٹی میں عملی پڑھائی کا کلچر بنانے میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیو ٹیک یونیورسٹی کا خواب سنہ 2015 میں دیکھا گیا تھا۔ اور اس یونیورسٹی کا مقصد یہ تھا کہ پاکستان میں ایک ایسی یونیورسٹی ہونی چاہیے جو دو چیزوں پر کام کرے، ایک تو یہ کے یونیورسٹی اور انڈسٹری کے تعلق کو بڑھایا جائے، تاکہ بچے پڑھائی کے ساتھ اس ڈگری میں عملی مہارت بھی حاصل کر سکیں اور اسی لیے یونیورسٹی کا جو نصب العین بھی ’یونیورسٹی فار انڈسٹری‘ ہے۔

لیفٹینیٹ جنرل (ریٹائرڈ) معظم اعجاز نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں کوئی بھی یونیورسٹی ایسی نہیں تھی جو بچے میں اسکلز پیدا کرنے پر کام کرے، تو نیوٹیک کا بنیادی توجہ کا مرکز یہ دو ایریا ہیں۔

پاکستانی صنعتیں نوجوانوں سے کیا توقعات رکھتی ہیں؟

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی یونیورسٹی کا براہ راست صنعتوں کے ساتھ تعلق رہتا ہے۔ جس کی بنا پر صنعتیں ان سے یہ کہتی ہیں کہ انہیں کوئی افسر یا بابو نہیں بلکہ کام کرنے والے نوجوان چاہییں۔ جنہیں کام آتا ہو اور وہ محنت کے لیے تیار ہوں۔

’اگر بچے میں کوئی ہنر نہیں ہے، اسے کوئی کام نہیں آتا تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ بچہ اور ہم اپنے مقصد میں ناکام ہوئے ہیں، کیونکہ ڈگری تو وہ پیپر پاس کر کے لے ہی لے گا لیکن اس ڈگری کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اس لیے یونیورسٹی کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ بچے کو ایک ایسا اسکل سیٹ دے کر بھیجیں جو اس کو ہر طرح سے قابل بنائے اور مارکیٹ کی توقعات پر پورا اترے نہ خود مایوس ہو اور نہ ہی انڈسٹری کو مایوس کرے‘۔

شارٹ کورسز کرنے والے طلبا کے لیے نوکریاں بہت زیادہ ہیں

شارٹ کورسسز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مختصر کورسسز کے نوجوانوں کے لیے بھی نوکری کے بہت مواقع ہیں، کیونکہ یونیورسٹی انہیں بی ایس لیول کے بچے کو جو سیکھاتی ہے انہیں بھی وہی سب سیکھایا جاتا ہے۔

’ہمارے ایک کورس کے تمام طلبا کو کورس کی مدت پورے ہونے سے پہلے ہی نوکریاں مل گئی تھیں، اور وہ ایک ہی کلاس کے 27 طلبا تھے‘۔

کون سے وظائف موجود ہیں؟

نیو ٹیک یونیورسٹی کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ تعلیم کو قابل استطاعت رکھا جائے اور یہی وجہ ہے کہ اس مہنگائی کے دور میں بھی نیو ٹیک یونیورسٹی کی سمسٹر فیس راولپنڈی اسلام آباد کی تمام یونیورسٹیوں سے کم ہے اور طلبا کے لیے 2 قسم کے وظائف موجود ہیں

’ہماری یونیورسٹی میں میرٹ بیسڈ اور نیڈ بیسڈ اسکالرشپس دیے جاتے ہیں، اور اس کا مقصد یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم سے مستفید ہوں، اور ہماری یونیورسٹی کا وظائف نظام باقی یونیورسٹیوں سے بہت بہتر ہے۔

انوویشن میں دنیا کی پہلی 100 یونیورسٹیوں میں شامل ہے

یونیورسٹی کی کامیابیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل نیو ٹیک یونیورسٹی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز فار انوویشن میں پہلی 100 یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے جو کہ پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ اس کے علاوہ ہم پاکستانی صنعتوں میں اپنے طلبا کے ذریعے شراکت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کو ہنر سیکھایا ہے اور اس میں ہم کامیاب بھی ہوئے ہیں اور ان کو ہنر عالمی معیار کے مطابق سیکھایا جاتا ہے۔

کس کورس سے روزگار کا حصول 100 فی صدی یقینی ہے؟

ہاسپیٹیلیٹی مینجمنٹ کورس جس میں ہمارا فن لینڈ کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔ 9 مہینے کا یہ کورس ہوتا ہے جس کے اختتام پر انہیں پاکستان اور فن لینڈ کی اسٹیمپ کے ساتھ سرٹیفیکیٹ دیا جاتا ہے اور اس کورس کے بعد روزگار مل جانا 100 فی صدی یقینی ہے۔

اب یونیورسٹی چین، سعودی عرب اور جرمنی کے ساتھ بھی اس طرح کے معاہدوں کی جانب بڑھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp