سائبر کرائم کو ایف آئی اے سے علیحدہ کر کے نیا ادارہ بنا دیا گیا۔
مزید پڑھیں
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نام سے نیا ادارہ بنا دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ این سی سی آئی اے کا تحقیقاتی ادارہ ایکٹ کی شق 29 کے تحت قائم کیا گیا ہے اور یہ ایکٹ کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرے گا۔
ایف آئی اے اس ایکٹ کے تحت نامزد تحقیقاتی ادارے کے امور سرانجام دینا روک دے گی اور تمام اہلکار، کیسز، انکوائریز ، تحقیقات ایف آئی اے سے این سی سی آئی اے کو منتقل کردے گی۔
حکومت این سی سی آئی اے کے ڈی جی کا تقرر 2 سال کے لیے کرے گی۔ ڈی جی این سی سی آئی اے پولیس آرڈر 2002 کے تحت آئی جی کے اختیارات استعمال کریں گے۔
این سی سی آئی اے کے معاملات کو وزارت داخلہ دیکھے گی اور یہ بین الاقوامی تعاون کے حوالے سے نامزدہ ادارہ ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سائبرکرائم کے حوالے سے ہونے والے تمام جرائم نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بھیجے جائیں گے اور سائبر کرائم سے متعلق تمام مقدمات کا اندراج اور پراسیکیوشن نئی ایجنسی خود کرے گی۔
مزید برآں این سی سی آئی اے کے اپنے تھانے ہوں گے اور افسران کو سائبر کرائمز سے متعلق خصوصی تربیت دی جائے گی۔
الغرض ملک بھرمیں سوشل میڈیا اور ایپس سے متعلق تمام معاملات این سی سی آئی اے دیکھے گی۔