عاقب جاوید کے تجربے سے ٹیم کو فائدہ ہوگا، محمد رضوان

ہفتہ 23 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے امید ظاہر کی ہے کہ ہیڈ کوچ عاقب جاوید کے تجربے سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا۔

زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ عاقب جاوید ایک زمانے سے ہیڈ کوچنگ کررہے ہیں، عاقب جاوید نے کہا ہے کہ وہ زیادہ چیزوں کو تبدیل نہیں کریں گے بلکہ صرف ضرورت کے مطابق کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے زمبابوے کی ٹیموں کا اعلان

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ عاقب جاوید کو 1992 کے ورلڈ کپ کا تجربہ بھی ہے جو وہ ہمارے ساتھ شیئر کریں گے، اس سے پہلے وہ ہمارے بولرز شاہین آفریدی، حارث رؤف اور  احمد دانیال کے ساتھ کام کرچکے ہیں، امید ہے کہ ان چیزوں سے ہمیں بہت فائدہ ہوگا۔

کپتان محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں جو کرکٹ کھیلی وہ اب ماضی بن چکا ہے، ملک سے باہر سیریز میں چیلنجز ہوتے ہیں، پچ اور کنڈیشنزکا میزبان ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے، بطور پروفیشنل کھلاڑی آپ کو اس طرح کے چیلنجز کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کے عبوری وائٹ بال کوچ عاقب جاوید نے بلے بازوں کو کیا اہم پیغام دیا؟

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کےخلاف سیریز سے ملنے والا اعتماد اس سیریز میں بھی برقرارکھنے کی کوشش کریں گےاور یہاں بھی اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے چیلنج یہ ہے کہ ہم ایک  نوجوان ٹیم کے ساتھ آئے ہیں، نوجوان  کھلاڑیوں کے لیے اچھا موقع ہے، سینیئر کھلاڑیوں کی کمی پوری کرنا آسان نہیں، امید ہے کہ اس سیریز سے پاکستان کو نئے سپر اسٹارز ملیں گے۔

محمد رضوان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کےخلاف سیریز میں ٹیم کو ایک شکل میں لے کر آئیں گے، کوشش کریں گے کہ اس سیریز سے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کچھ نہ کچھ حاصل کریں، ہمارے نوجوان کھلاڑی ڈومیسٹک اور شاہینز میں پرفارم کرکے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ٹی20 نہ کھیلنے کی وجہ بتادی

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کپتان محمد رضوان کی قیادت میں ان دنوں زمبابوے کے شہر بلاوایو میں موجود ہے، جہاں وہ 24 نومبر سے 5 دسمبر تک میزبان ٹیم کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے 24 نومبر، دوسرا ون ڈے میچ 25 نومبر اور آخری ون ڈے میچ 28 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹی20 میچ یکم دسمبر، دوسرا ٹی20 میچ 3 دسمبر اور آخری ٹی20 میچ 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ تمام ون ڈے اور ٹی20 میچز زمبابوے کے شہر بلاوایو میں کھیلے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp