بین الاقوامی میڈیا میں آپریشن ’بُنیان مَرصُوص‘ کی گونج

ہفتہ 10 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اس وقت بین الاقوامی میڈیا میں بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے آپریشن ’بُنیان مَرصُوص‘ کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

الجزیرہ، سی این این، بی بی سی، فوکس نیوز اور نیویارک ٹائم میں پاکستان کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارت کو پہنچنے والے نقصان کا ذکر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کے بعد امریکی سیکرٹری خارجہ کا آرمی چیف عاصم منیر سے رابطہ

مشرق وسطیٰ کے اہم میڈیا ہاؤس ’الجزیرہ‘ نے شمالی کشمیر میں اُڑی کے لگامہ گاؤں میں پاکستانی توپ خانے سے مچنے والی تباہی کا نمایاں ذکر کیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق پاکستانی کارروائی کے پیش نظر پاکستان سے ملحق مغربی انڈیا کے ایئرپورٹس بند کر دیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی نیوز پلیٹ فارم سی این این نے پاکستان کی جانب سے بھارت پر میزائل داغے جانے کا نمایاں الفاظ میں ذکر کیا ہے۔

سی این این نے بھارتی فوج کے حوالے بتایا ہے کہ انڈیا کی مغربی سرحدوں پر پاکستان کے ڈرون حملوں اور دیگر جنگی سازوسامان میں کھلم کھلا اضافہ جاری ہے۔

سی این این کے مطابق انڈین فوج نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق امرتسر میں ایک فوجی اڈے پر متعدد ’مسلح ڈرونز‘ کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

سی این این کے مطابق بھارتی فوج کا یہ بیان اس کے چند گھنٹے بعد آیا ہے جب پاکستان نے کہا تھا کہ اس نے ’بھارتی جارحیت‘ کے جواب میں ہفتے کی صبح بھارت کے خلاف جوابی فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص: بھارت کے متعدد اہم فوجی اہداف تباہ، دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی پروازیں جاری

’فاکس نیوز‘ نے بھی جنوب مغربی ایشیا میں میں رونما ہونے والی صورتحال پر لکھا ہے کہ پاکستان نے حملوں کے اس نئے سلسلے میں بھارت کے اندر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

’فوکس نیوز‘ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

فوکس نیوز نے پاکستان کی مسلح افواج کے حوالے سے کہا ہے کہ بھارت پر جوابی حملے میں فوجی مقامات کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب بھارت نے جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان خوفناک کشیدگی میں اس کے 3 فضائی اڈوں پر میزائل داغے۔

پاکستانی فوجی حکام نے بتایا کہ ہندوستان نے اس سے قبل پاکستان کے اندر تین فضائی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا، جن میں سے زیادہ تر کو روک دیا گیا تھا۔

بی بی سی نے بھی پاکستانی فوج کے مؤقف بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستانی فوج بھارت پر جوابی کارروائی کر رہی ہے۔

’نیویارک ٹائم‘ نے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے لکھا ہے کہ امن کی کوششوں کے درمیان بھارت پاکستان تنازع کی چوتھی رات میں داخل ہو گیا ہے۔

’نیویارک ٹائم‘ کے مطابق بھارت نے ملک کے شمال میں بھاری ڈرون حملے کی اطلاع دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp