تباہ کن بارشیں اور سیلاب، اقوام متحدہ کا پاکستان میں غذائی بحران اور مہنگائی کا انتباہ

پیر 1 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پاکستان میں جاری تباہ کن بارشوں اور شدید سیلابوں کے نتیجے میں ملک کو خوراک کی شدید قلت اور مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مسلسل طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے پنجاب سمیت ملک کے بڑے حصوں میں کھڑی فصلیں تباہ کر دی ہیں، دیہات، اسکول اور ہیلتھ سینٹرز زیرِ آب آگئے ہیں جبکہ درجنوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیلابی تباہ کاریوں کے باعث شرح نمو صفر کے قریب گرنے کا خدشہ، سابق وزیر خزانہ نے خبردار کردیا

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک تقریباً 50 افراد جاں بحق اور 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 7 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ شمال مشرقی پنجاب میں فصلوں اور مویشیوں کی بڑی تباہی کے بعد اب پانی جنوبی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ دنوں میں سندھ کو بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر مو یحییٰ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ معمول نہیں ہے لیکن اب یہ نیا معمول بنتا جا رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے باعث مون سون اب پاکستان میں خوف اور تباہی کی علامت بن چکا ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں دھان کی کھیتیاں جتنی دور تک نظر جاتی ہیں سب پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور کسان آئندہ کئی ماہ تک کسی آمدنی یا نئی فصل کے بغیر رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: تاریخ میں پہلی بار سیلاب متاثرین کی نشاندہی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا کامیاب استعمال

کسان بورڈ پاکستان کے سیکریٹری جنرل وقار احمد نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سیلاب نے پنجاب میں چاول، گنا اور تل جیسی اہم فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں۔ ان کے مطابق تقریباً 70 فیصد کھڑی چاول کی فصل برباد ہوچکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ اگر بھارت مزید پانی چھوڑتا ہے تو باقی ماندہ فصلیں بھی شدید نقصان کا شکار ہوجائیں گی۔

اسی طرح پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹس ایسوسی ایشن کے سربراہ وحید احمد نے کہا ہے کہ تازہ ترین سیلابوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سبزیوں اور پھلوں کی بھاری مقدار کو نقصان پہنچایا ہے جس سے ملک میں اشیائے خورونوش کی مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغانستان اور ایران سے پھل اور سبزیوں کی درآمد پر عائد ٹیکسز ختم کیے جائیں تاکہ غذائی قلت پر قابو پایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

انتخابات تک آزاد کشمیر میں رہوں گا، احتجاج ختم کرکے مذاکرات کیے جائیں، بلاول بھٹو

فرانس کا عالمی چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور، اسپین فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں تاریخی اضافہ، وجوہات کیا ہیں؟

پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی جوڈیشل کمیٹی قائم، یہ کیسے کام کرے گی اور اس کے اختیارات کیا ہوں گے؟

پیپلز پارٹی کا 40 برس بعد مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان، بلاول بھٹو کے لیے یہ سیاسی امتحان کتنا اہم؟

ویڈیو

ایم کیو ایم کے دھڑے آمنے سامنے، شہری سندھ کے حقوق کی تحریک یا اقتدار کی نئی جنگ؟

خوبصورت پنجاب: گوجرانوالہ کے ایمن آباد بازار کی اپ گریڈیشن مکمل

ممنون حسین نے دور صدارت میں اردو، سی پیک کے قومی بیانیے اور کفایت شعاری کو فروغ دیا، ڈاکٹر فاروق عادل

کالم / تجزیہ

طوفانی بولنگ اور ماجد خان کی دلیری

پانی کی بڑھتی قلت ایک مربوط منصوبہ بندی کی متقاضی

پاکستان کی اسلامی روح اور خوارج کا جھوٹا پروپیگنڈہ….!!