سہیل آفریدی کو جس مقصد کے لیے لایا گیا ہے اس سے قبل ہی فارغ ہو جائیں گے، طلال چوہدری کا دعویٰ

ہفتہ 25 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو ’بے بی سی ایم‘ قرار دے دیا، کہا یہ جس کام کے لیے آئے ہیں، اس سے پہلے فارغ ہوجائیں گے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ سہیل آفریدی کو جان بوجھ کر ’بے بی سی ایم‘ کے طور پر صوبے میں بٹھایا گیا ہے تاکہ ان کی اپنی سمجھ بوجھ نہ ہو، وہ سیل سے چلے یا چابی سے، بس بانی بانی کرتا رہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ بدلنے سے کے پی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن نہیں رکے گا، طلال چوہدری

طلال چوہدری نے کہا کہ بانی اپنی جگہ ہوگا، صوبے کے 4 کروڑ عوام کے فیصلے وزیراعلیٰ نے کرنے ہیں۔ صحت، تعلیم کے حوالے سے کچھ کریں۔ سہیل آفریدی کو 2 ہفتے ہوئے وزیراعلیٰ بنے ہوئے، کوئی مجھے یہ بتائے کہ انہوں نے کسی جگہ کہا ہو کہ وہ اس صوبے کو یہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی جس کام کے لیے آئے ہیں اس سے پہلے فارغ ہوجائیں گے، یہ اکیلا نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو بھی ساتھ لے جائے گا۔ پنجاب میں کچھ بھی ہوتا ہے تو مریم نواز سے پوچھا جاتا ہے، کیا کبھی خیبرپختونخوا میں کسی نے وزیراعلیٰ سے پوچھا ہے کہ اس نے عوام کے لیے کیا کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات کے لیے عدالت میں درخواست دے رکھی ہے۔ عمران خان ایسے قیدی ہیں جنہوں نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ملاقاتیں کی ہیں۔ عدالت نے جیل مینوئل کے تحت ملاقات کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’تیار رہیں تاکہ عمران خان کو جیل سے نکالا جاسکے‘، سہیل آفریدی کا چارسدہ جلسے سے خطاب

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جب عمران خان سے ملاقات کے لیے جاتے ہیں تو ان کے بڑے مطالبات ہوتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں عمران خان لان میں بیٹھا ہو، ملاقات کا کوئی وقت نہ ہو بلکہ لمبی ملاقات ہو، ان کے پاس چائے نہیں، کافی ہونی چاہیے، ہم نے آم نہیں امرود کھانے ہیں۔

’آپ ماموں سے ملنے تو نہیں جارہے، آپ جیل میں ملاقات کرنے جارہے ہیں، جیل مینوئل کے تحت ملاقات ہوگی۔‘

کیا عمران خان کو بنی گالہ شفٹ کیا جاسکتا ہے یا ایسی کوئی تجویز ہے؟ اس سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ ایسی باتیں پی ٹی آئی کی جانب سے پھیلائی جاتی ہیں، وہاں سے ماحول بنایا جاتا ہے۔ وزیرِ داخلہ نے بھی پچھلے دنوں یہ کہا تھا کہ پی ٹی آئی کوئی ایک بندہ بتا دے جس نے یہ ڈیل آفر کی ہو، ڈیل پی ٹی آئی والے خود لے کر آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کی عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی پیشکش

انہوں نے کہا کہ عمران خان اب پھر ڈیل بنارہے ہیں کہ وہ افغانستان کے ساتھ امن کروائیں گے۔ افغانستان کا مسئلہ تو کچھ ہے ہی نہیں، یہ مسئلہ انہوں نے خود پیدا کیا ورنہ یہ کبھی پیدا نہ ہوتا۔ یہ ریاست کو بلیک میل کرکے ڈیل بنانے کی کوشش میں ہیں۔

کیا خیرسگالی کے تحت عمران خان کو بنی گالہ شفٹ کیا جاسکتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کس بات کی خیرسگالی، کیا انہوں نے کوئی اچھا کام کیا ہے؟ عمران خان درخواست دیں کہ انہیں فلاں جگہ شفٹ کیا جائے، اس پر غور کریں گے۔

’سب کے سامنے کہیں کہ ہمیں بنی گالہ شفٹ کردیں، ہمیں نتھیا گلی شفٹ کردیں، یہ لکھ کر دیں، بلیک اینڈ وائٹ میں بات ہوگی۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

فرانس کا عالمی چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور، اسپین فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں تاریخی اضافہ، وجوہات کیا ہیں؟

پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی جوڈیشل کمیٹی قائم، یہ کیسے کام کرے گی اور اس کے اختیارات کیا ہوں گے؟

پیپلز پارٹی کا 40 برس بعد مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان، بلاول بھٹو کے لیے یہ سیاسی امتحان کتنا اہم؟

ایرانی حکومت ہوش مندی سے کام لے ورنہ پورا خطہ پہلے سے زیادہ امریکی گرفت میں چلا جائےگا، منصور جعفر

ویڈیو

ایم کیو ایم کے دھڑے آمنے سامنے، شہری سندھ کے حقوق کی تحریک یا اقتدار کی نئی جنگ؟

خوبصورت پنجاب: گوجرانوالہ کے ایمن آباد بازار کی اپ گریڈیشن مکمل

ممنون حسین نے دور صدارت میں اردو، سی پیک کے قومی بیانیے اور کفایت شعاری کو فروغ دیا، ڈاکٹر فاروق عادل

کالم / تجزیہ

طوفانی بولنگ اور ماجد خان کی دلیری

پانی کی بڑھتی قلت ایک مربوط منصوبہ بندی کی متقاضی

پاکستان کی اسلامی روح اور خوارج کا جھوٹا پروپیگنڈہ….!!