سعودی عرب کے حج و عمرہ نظام کی جانب سے ’کمنگ ٹو عمرہ؟‘ کے عنوان سے ایک نئی آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا مقصد عمرہ زائرین کو سہولیات، رہنما اصولوں اور ایسے طرزِ عمل سے آگاہ کرنا ہے جو عمرہ کی ادائیگی کو آسان اور مجموعی تجربے کو بہتر بنائیں۔
یہ مہم سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد عمرہ کے سفر کو مزید بامعنی بنانا اور فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر کرنا ہے۔ یہ اقدام ماہِ رمضان کے دوران متوقع رش کے پیشِ نظر کی جانے والی جامع تیاریوں کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی وزارت حج و عمرہ کا عرفاتِ جبل پر زائرین کے لیے آگاہی اور رہنمائی پروگرام جاری
حج و عمرہ حکام کے مطابق 1447 ہجری سیزن کے آغاز سے اب تک بین الاقوامی عمرہ زائرین کی تعداد 1 کروڑ 18 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
یہ آگاہی مہم رمضان المبارک کے اختتام تک جاری رہے گی، جس کے دوران عمرہ کے سفر کے تمام مراحل میں زائرین کو خدمات، طریقۂ کار، ہدایات اور مناسب رویّوں سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔ مہم کے تحت ڈیجیٹل اور آن گراؤنڈ ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں جو زائرین کو سفر کی منصوبہ بندی سے لے کر وطن واپسی تک رہنمائی فراہم کریں گے۔
ان اقدامات کے ذریعے وزارتِ حج و عمرہ کے سرکاری آگاہی چینلز سے رابطے کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ حرمین شریفین اور دیگر مقدس مقامات پر مثبت طرزِ عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایئر سیال کی ناقص سروس، عمرہ زائرین 4 دن سے لاہور ایئرپورٹ میں محصور
مہم کے دوران 18 سے زائد مقامات پر خصوصی آگاہی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں، جن میں داخلے کے مقامات، ہوائی اڈے، ٹرانسپورٹ مراکز، رہائشی سہولیات، زیارتی مقامات، دینی و تربیتی مراکز اور حرمین شریفین شامل ہیں۔
آگاہی کے لیے اسکرینز، سڑکوں پر نصب سائن بورڈز، موبائل پیغامات اور دیگر ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل اور میڈیا مہم 6 سے زائد زبانوں میں چلائی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین تک رسائی حاصل کی جا سکے۔














