آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ ہفتے کے روز کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ کی تاریخ میں ایک طویل اور سنسنی خیز رقابت موجود ہے، اور اس بار بھی داؤ پر بہت کچھ لگا ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ مقابلہ نہایت سخت اور اعصاب شکن ثابت ہوگا، کیونکہ دونوں سائیڈز صلاحیت اور کارکردگی کے اعتبار سے ایک دوسرے کے قریب سمجھی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان نیوزی لینڈ سپر ایٹس ٹاکرے سے قبل کولمبو میں موسم کی صورتحال کیا ہے؟
ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا 50واں آمنا سامنا ہوگا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مختصر ترین فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ کس قدر متوازن رہا ہے۔
اب تک کھیلے گئے 49 میچز میں پاکستان نے 24 جبکہ نیوزی لینڈ نے 23 فتوحات حاصل کی ہیں، جب کہ دو مقابلے برابر رہے۔
یہ اعداد و شمار دونوں ٹیموں کے درمیان فتح و شکست کے نہایت معمولی فرق کی عکاسی کرتے ہیں۔
بارش کے خدشات
کولمبو کا موسم بھی اس اہم مقابلے پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق میچ سے قبل اور دوران بارش کا امکان ہے۔
مقابلہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہونا ہے، تاہم ابتدائی حصے میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
درجہ حرارت چوبیس سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کی شرح اسی فیصد سے زائد ہو سکتی ہے، جو کھلاڑیوں کے لیے اضافی چیلنج بن سکتی ہے۔
میچ کی منسوخی کی صورت میں کیا ہوگا؟
اس میچ کے لیے کوئی ریزرو ڈے مختص نہیں کیا گیا، اگر بارش کے باعث مقابلہ منسوخ ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا، جو ان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچا سکتا ہے۔
میچ آفیشلز کے پاس نتیجہ حاصل کرنے کے لیے اضافی 90 منٹ موجود ہوں گے، لیکن اگر 5 اوورز فی اننگز کا مقابلہ بھی ممکن نہ ہو سکا تو میچ کو منسوخ قرار دے دیا جائے گا۔
جنوری 2022 کے بعد سے دونوں ٹیمیں 24 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں۔ اس عرصے میں نیوزی لینڈ کو معمولی برتری حاصل رہی، جس نے 13 میچز جیتے جبکہ پاکستان 9 مرتبہ سرفراز رہا۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: صاحبزادہ فرحان سینچری بنانے والے دوسرے پاکستانی، 2 اور ریکارڈ بھی بنا لیے
تاہم پاکستانی شائقین کو 2022 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی یاد آج بھی تازہ ہے، جب پاکستان نے کیویز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی20 سیریز گزشتہ سال مارچ میں نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی، جہاں میزبان ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز 2 ایک سے اپنے نام کی تھی۔
حالیہ فارم پر نظر ڈالیں تو پاکستان نے اپنے آخری 5 میچوں میں 3 کامیابیاں حاصل کی ہیں، جب کہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ، یو اے ای کو 6 وکٹوں سے شکست، جنوبی افریقہ کی جیت کا تسلسل برقرار
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی کارکردگی بھی کچھ اسی طرح اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں ٹیمیں تقریباً یکساں ردھم میں ہیں۔
اس ایڈیشن میں پاکستان کو گروپ مرحلے میں بھارت کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ سے ہار گیا۔
یوں دونوں ٹیمیں اپنے اپنے گروپس میں دوسری پوزیشن پر رہیں اور اب سپر ایٹ کے اس مشکل گروپ میں موجود ہیں جس میں انگلینڈ اور سری لنکا بھی شامل ہیں۔













