اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی سے متعلق درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس انعام امین منہاس نے کی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2010 کے طیارہ حادثے کے ہرجانے کا فیصلہ معطل کر دیا
درخواست گزار ڈاکٹر عظمیٰ کی جانب سے وکیل عزیر بھنڈاری عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے کچھ اعتراضات عائد کیے گئے ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے اعتراضات دور کرنے کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرلی۔
سماعت کے دوران جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو بتایا جائے کہ اس نوعیت کی کتنی درخواستیں زیرِ التوا ہیں۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ ایسے تمام زیرِ التوا کیسز کی رپورٹ فراہم کی جائے۔
مزید پڑھیں: موٹرسائیکل پر ایم ٹیگ لگانے کے خلاف درخواست، اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ سے جواب طلب کرلیا
اس موقع پر وکیل عزیر بھنڈاری نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس آئندہ ہفتے مقرر کر دیا جائے، ہم رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیں گے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔














