پاکستان کی عالمی سفارتی کوششوں کے برطانوی پارلیمنٹ میں چرچے، برطانیہ کے وزیراعظم کا پاکستان کا شکریہ

منگل 14 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ کی پارلیمنٹ میں رُکن پارلیمان محمد افضل نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی میزبانی اور ثالثی کر کے عالمی قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سے سوال کیا کہ پاکستان چونکہ برطانیہ کا دیرینہ اتحادی ہے، اس لیے برطانوی حکومت مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کس طرح مدد کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اسحاق ڈار سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات، امریکا ایران مذاکرات کی ثالثی پر پاکستان کو خراج تحسین

محمد افضل نے اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی جس پر دنیا ان کی احسان مند ہے۔

اس پر جواب دیتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ وہ پاکستان کے کردار پر اپنے شکریے کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے مذاکرات سے قبل جمعہ کے روز وزیر اعظم شہباز شریف سے بات چیت کی تھی تاکہ ممکنہ تعاون پر غور کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کا ثالثی کردار: عالمی وقار میں اضافہ اور معاشی خوشحالی کی نئی نوید

کیئر اسٹارمر کے مطابق برطانیہ کے وزیر خارجہ نے بھی اپنے پاکستانی ہم منصب سے رابطہ کیا ہے، اور یہ نہایت اہم ہے کہ اس عمل کی حمایت جاری رکھی جائے تاکہ صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکا جا سکے اور امن کی جانب پیش رفت ممکن ہو۔

برطانوی پارلیمان میں ہونے والی اس گفتگو کی کلپ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp