روسی حکام کے مطابق یوکرین کی جانب سے ایک ڈرون حملے میں روس کے اندر تقریباً 1700 کلومیٹر دور واقع شہر یکاترنبرگ میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہو گئے۔
علاقائی گورنر ڈینس پاسلر نے بتایا کہ حملے کے بعد عمارت سے 50 رہائشیوں کو حفاظتی وجوہات کی بنا پر فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ ان کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ باقی افراد کو معمولی نوعیت کی تکالیف، خاص طور پر دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری، کا سامنا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی ولی عہد اور یوکرینی صدر کے درمیان جدہ میں اہم ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
حکام نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے میں ہنگامی حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے گئے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
روسی فضائی اتھارٹی کے مطابق حملے کے بعد شہر کے کولتسووو ایئرپورٹ پر عارضی طور پر پروازوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔ روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ رات بھر میں مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 127 یوکرینی ڈرون مار گرائے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: اسحاق ڈار کا روسی ہم منصب سے رابطہ، دوطرفہ تعلقات اور عالمی امن پر گفتگو
وزارت کے مطابق یہ ڈرون کریمیا، تاتارستان، بیلگوروڈ، بریانسک، وورونژ، کالوگا، کرسک، اوریول، سملینسک، روستوف، وولگوگراد، آسٹراخان، سویردلووسک اور چیلیابنسک کے علاقوں سمیت بحیرہ اسود کے اوپر تباہ کیے گئے۔
روسی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین شہری علاقوں کو نشانہ بنا کر ‘دہشت گردی کی حکمت عملی’ استعمال کر رہا ہے، جس سے غیر متعلقہ افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ کریملن کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث امریکا کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔












