9 ماہ کا انتظار اور 2 چھوٹے ڈبے: ٹائٹن حادثے نے شوہر اور بیٹا کھونے والی خاتون کی دنیا بدل دی

اتوار 26 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹائٹن آبدوز حادثے میں اپنے شوہر شہزادہ داؤد اور بیٹے سلیمان داؤد کو کھونے والی کرسٹین داؤد جنہوں نے واقعے کے 9 ماہ بعد دونوں کی باقیات جوتوں کے 2 چھوٹے ڈبوں میں وصول کیں اب بھی اپنے پیاروں کو کھودینے کے غم سے ابھرنے کی جدوجہد کررہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹائٹن آبدوز حادثہ روکا جاسکتا تھا، اووشن گیٹ حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار

برطانوی اخبار گارڈین کو دیے گئے انٹرویو میں برطانوی شہری کرسٹین داؤد نے کہا کہ حادثے کے بعد طویل عرصے تک انہیں شوہر اور بیٹے کی لاشیں نہیں مل سکیں۔

کرسٹین داؤد۔

کرسٹین داؤد کے مطابق ہمیں 9 ماہ تک لاشیں نہیں ملیں اور اصل میں جو کچھ بچا تھا وہ ایک طرح کا مکسچر تھا جو یہ 2 چھوٹے ڈبوں میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بالکل جوتوں کے ڈبوں جیسے ہیں۔

شہزادہ داؤد اور سلیمان داؤد۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر شہزادہ داؤد (48) اور بیٹے سلیمان داؤد (19) کی باقیات میں بہت کم چیزیں قابلِ شناخت تھیں کیونکہ حادثے کے بعد جو باقیات ملی ہیں ان میں ڈی این اے کا بڑا مجموعہ تھا جو الگ نہیں کیا جا سکتا تھا۔

ان کے مطابق حکام نے انہیں یہ بھی پیشکش کی کہ وہ اس مکس شدہ ڈی این اے میں سے کچھ لے سکتی ہیں تاہم انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف وہی باقیات لیں گی جو واضح طور پر ان کے شوہر اور بیٹے کی ہوں۔

مزید پڑھیے: ٹائٹینک حادثہ: آخری لمحات میں کیا ہوا تھا، اصل صورتحال کا سراغ لگ گیا

واضح رہے کہ پاکستان نژاد برطانوی شاہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد کے ساتھ اوشین گیٹ کے سی ای او اسٹاکٹن رش، برطانوی ارب پتی ہیمش ہارڈنگ اور ٹائٹینک کے ماہر پال ہنری نارگولے بھی 18 جون 2023 کو شمالی بحر اوقیانوس میں ٹائٹینک کے ملبے کی جانب جاتے ہوئے آبدوز کے تباہ ہونے کے باعث جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔

’سلیمان اپنے ساتھ روبک کیوب بھی لے گیا تھا‘

ٹائٹینک کا لیگو ماڈل جسے سلیمان نے تقریباً 2 ہفتوں میں تیار کیا تھا۔

کرسٹین داؤد نے حادثے سے قبل آخری لمحات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا سلیمان اپنا روبک کیوب ساتھ لے کر گیا تھا اور وہ اسے سب سے گہرے مقام پر حل کرنے کا ریکارڈ بنانے کی امید رکھتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ الوداع کا لمحہ بہت مختصر اور معمولی سا تھا مگر وہ ان کی آخری ملاقات ثابت ہوا۔

کرسٹین داؤد نے بتایا کہ حادثے کے وقت آبدوز سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع دی گئی تھی تاہم عملے نے انہیں تسلی دی کہ یہ غیر معمولی بات نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں اس وقت مکمل حقیقت کا اندازہ نہیں ہو سکا۔

مزید پڑھیں:  غفلت، ناقص ڈیزائن اور نگرانی سے بچنے کی کوششوں نے 5 جانیں لیں، ٹائٹن آبدوز سانحے کی رپورٹ جاری

کرسٹین داؤد کے مطابق اس دوران وہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا رہیں اور امید و بے یقینی کے درمیان وقت گزرتا رہا جبکہ بحری جہاز کے عملے نے معمول کی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

کرسٹین داؤد نے کہا کہ شہزادہ اور سلیمان کو اس کا احساس بھی نہیں ہوا ہوگا کیوں کہ ایک لمحے وہ موجود تھے اور اگلے لمحے نہیں اور یہ جاننا کہ انہوں نے تکلیف نہیں دیکھی میرے لیے بہت اہم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب انہیں حقیقت کا علم ہوا تو انہیں عملی معاملات سنبھالنے پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ان کی چیزوں کا کیا کرتی؟ ان کے بیگ، ان کا سامان، شہزادے کے کپڑے میرے کیبن میں تھے تو میں نے ان کے بیگ پیک کیے لیکن میں سلیمان کا بیگ نہیں پیک کر سکی وہ مجھ سے نہیں ہو سکا اور کسی اور نے یہ کیا۔

گزشتہ سال کوسٹ گارڈ کی رپورٹ میں اس حادثے کو قابل روک تھام سانحہ قرار دیتے ہوئے اوشین گیٹ کی حفاظتی غفلت اور ریگولیشن سے بچنے کی کوششوں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔

’اسٹاکٹن پر غصہ آیا لیکن وہ بھی تو چلا گیا‘

اوشین گیٹ کے سی ای او اسٹاکٹن رش۔

کرسٹین داؤد نے کہا کہ شروع سے میرے پاس اسٹاکٹن سے نفرت کرنے کی بہت سی وجوہات تھیں لیکن کیا اس سے مجھے واقعی فائدہ ہوگا؟ وہ بھی ان کے ساتھ ہی مر گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں سلیمان کے کمرے میں جاتی ہوں، کبھی بلی اس کے تکیے پر سو رہی ہوتی ہے اور میں بستر پر بیٹھ کر اپنے غم محسوس کرتی ہوں پھر کچھ دیر بعد اسے دوبارہ دبا دیتی ہوں۔

کرسٹین داؤد نے کہا کہ میں نے سلیمان کے لیے اپنے غم پر کافی کام کیا ہے لیکن اب میں اپنے شوہر کے لیے غم محسوس کرنا شروع کر رہی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی طور پر وہ دونوں ایک ساتھ یاد کیے جاتے ہیں لیکن وہ 2 الگ رشتے ہیں اور 2 مختلف درد بھی۔

 

یہ بھی پڑھیے: ’ٹائٹن‘ کی باقیات نکال لی گئیں، ماہرین حادثے کی وجہ جاننے کے لیے کوشاں

یہ حادثہ عالمی سطح پر سمندری سیاحت اور گہرے سمندر کی سائنسی مہمات کے حوالے سے سنگین سوالات کو جنم دینے کا باعث بنا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp