یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں پیر کے روز مندی دیکھنے میں آئی کیونکہ سرمایہ کار مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور ممکنہ طور پر امریکا اور یورپ کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یورپ سے آنے والی گاڑیوں پر ٹیرف بڑھاکر 25 فیصد کرنے کا اعلان
سی این بی سی کے مطابق پین یورپی اسٹوکس 600 انڈیکس دوپہر تک 0.5 فیصد گر گیا جس نے صبح کی ابتدائی بڑھت کو ختم کر دیا۔ فرینکفرٹ میں ڈیکس 0.1 فیصد نیچے آیا جبکہ پیرس میں کیک 40 ایک فیصد تک گر گیا۔
میلان کا فٹسی ایم آئی بی بھی 0.7 فیصد کم ہوا۔ ادھر لندن میں فٹسی 100 بینک ہالیڈے کے باعث بند رہا۔
زیادہ تر شعبے مثبت زون میں رہے جہاں ٹیلی کام سیکٹر نمایاں رہا۔ نوکیا کے حصص میں تقریباً 7 فیصد اضافہ ہوا جب کہ کمپنی کے شیئرز سال کے آغاز سے اب تک 100 فیصد سے زائد بڑھ چکے ہیں۔
یہ اضافہ اس اعلان کے بعد دیکھنے میں آیا کہ انسِیگو نوکیا کے فکسڈ وائرلیس ایکسس کاروبار کو خریدنے جا رہی ہے۔
دوسری جانب یورپی آٹو میکرز کے حصص میں کمی دیکھی گئی۔
مزید پڑھیے: ایران جنگ کے اثرات: پیٹرول مہنگا، یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں 51 فیصد اضافہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپی یونین سے آنے والی گاڑیوں اور ٹرکوں پر ٹیرف 25 فیصد تک بڑھانے کی دھمکی کے بعد یہ شعبہ دباؤ کا شکار رہا۔
یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ اس کے جواب کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے۔
آٹو پارٹس بنانے والی کانٹینینٹل کے حصص میں 5.2 فیصد کمی ہوئی جبکہ مرسڈیز بینز کے شیئرز 1.9 فیصد اور ووکس ویگن کے 1.7 فیصد نیچے آگئے۔
ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نیا منصوبہ بھی پیش کیا ہے جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کی نقل و حرکت کو بحال کرنا ہے۔
اس منصوبے میں ہزاروں فوجیوں، جنگی بحری جہازوں اور طیاروں کی مدد سے تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔
اسی دوران برطانیہ میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے اطلاع دی کہ متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ کے قریب ایک جہاز پر حملہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: جرمن آٹو موبائل کمپنی ووکس ویگن کی گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں کمی، وجہ کیا ہے؟
تیل کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔ عالمی معیار برینٹ کروڈ 0.8 فیصد کم ہو کر 107.38 ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 0.84 فیصد گر کر 101.10 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔














