4 روزہ تعطل کے بعد پاکستانی پاسپورٹ سروسز دنیا بھر میں بحال

منگل 5 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے پاسپورٹ کے اجرا کی خدمات 4 روزہ تعطل کے بعد دنیا بھر میں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں، یہ تعطل تکنیکی خرابیوں کے باعث پیدا ہوا تھا۔

تکنیکی خرابیوں سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور متعدد یورپی ممالک سمیت کئی ملکوں میں پاسپورٹ کے اجرا کا عمل متاثر ہوا اور درخواست دہندگان کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے میں پاسپورٹ سروسز 2 روز کے لیے بند رہیں گی

ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، محمد علی رندھاوا کے مطابق پاسپورٹ ہیڈکوارٹر میں پیش آنے والے تکنیکی مسائل اب حل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد خدمات دوبارہ معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں۔

خدمات کی بحالی کے بعد دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں نے شہریوں کو پاسپورٹ پراسیسنگ کی بحالی سے آگاہ کر دیا ہے اور درخواست دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ معمول کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کراتے رہیں۔

اس ضمن میں پاکستانی سفارتخانے نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو مطلع کیا ہے کہ ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے میں پاسپورٹ سروس بحال کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاسپورٹ سسٹم میں بڑی تبدیلی، نارمل پاسپورٹ اب 14 دن میں ملے گا

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا کہ اس سے قبل تکنیکی مسائل کے باعث خدمات معطل تھیں، تاہم اب تمام درخواست دہندگان کے لیے پاسپورٹ سے متعلق امور دوبارہ شروع ہو چکے ہیں۔

’تمام پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کار کے دوران سفارت خانے کا رخ کریں اور اپنے پاسپورٹ کے اجرا یا تجدید کے لیے درخواستیں جمع کروائیں۔‘

ابوظہبی میں سفارت خانہ اب معمول کے مطابق خدمات فراہم کر رہا ہے تاکہ کمیونٹی کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp