مسلح افواج پاکستان نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ پاک افواج مستقبل کے جنگی ماحول کے لیے پہلے سے زیادہ تیار، مرکوز اور مکمل طور پر مستعد ہیں، پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت، تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔
مزید پڑھیں: معرکہ حق کا ایک سال مکمل، مظفرآباد میں پروقار تقریب، ’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد‘ کے نعروں کی گونج
بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق نے قومی اعتماد کو نئی جدت دی، ادارہ جاتی عزم کو مزید مستحکم کیا اور پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا پر ثابت کیا۔ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، اسمارٹ سسٹمز اور دور حاضر کی صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔
بیان کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے پاک فضائیہ کو جدید فضائی جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مؤثر اور فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکہ حق کے دوران انجام دیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں منفرد، غیر معمولی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھے۔ پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے پاکستانی قوم کے اعتماد، حوصلے اور جذبۂ حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا۔
بیان کے مطابق پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، جبکہ اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ اور پختہ اسٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں۔ افواج پاکستان کی ہر تیاری، ہر کوشش اور ہر صلاحیت کا محور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے۔ لیکن پاکستان کے لیے امن ہمیشہ عزت، وقار اور خودمختار برابری کے اصولوں سے جڑا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید صلاحیتوں، ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کررہی ہیں۔
بیان کے مطابق آج رات پوری قوم پاک فضائیہ کے ہر جوان، افسر اور اہلکار کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی، انتھک محنت اور غیر معمولی آپریشنل توجہ پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے پاکستان کی فضائی حدود کے تاریخی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع میں پاک فضائیہ کی جرات، تیاری اور بروقت کارروائی قوم کی عسکری تاریخ کا روشن باب بن چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ نے اپنے عزم، مہارت اور جذبۂ قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
مزید پڑھیں: معرکہ حق کا ایک سال: وزارت اطلاعات کے زیراہتمام کتاب ’دی بیٹل آف ٹروتھ‘ کی رونمائی
آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ ورانہ برتری، جدید جنگی صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے باعث آج بھی دنیا کی بہترین فضائی افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ نہ صرف آج بلکہ انشااللہ ہمیشہ اپنی مثال آپ رہے گی اور قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔














