این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال ادارے کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے، جبکہ اپریل سے جون تک کی ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق پیشگی انتباہ پہلے ہی جاری کیا جا چکا تھا۔
الرٹ کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
پنجاب میں اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، قصور، میانوالی، سرگودھا، جھنگ اور ملتان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گلگت، اسکردو، گھانچے، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، مردان، باجوڑ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز اور برف پگھلنے سے گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے، خطرناک ڈھلوانوں پر قیام اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ آندھی اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری سے کمزور تعمیرات، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران مشکلات کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔
ادارے نے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔














