امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چین جاتے ہوئے 2 گھنٹے کے لیے پاکستان میں قیام کا امکان ہے، خواجہ آصف

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین جاتے ہوئے 2 گھنٹے کے لیے پاکستان میں قیام کریں۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے وہ تاریخی سنگ میل عبور کیے ہیں جن کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اللہ کے فضل سے دشمن کے خلاف ایک فیصلہ کن جنگ جیتی ہے جس کا اعتراف پوری دنیا بشمول امریکی صدر نے کیا ہے، جنہوں نے متعدد بار بھارت کو اس کے ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان اور تباہ شدہ طیاروں کی یاد دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے، کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، خواجہ آصف

خواجہ آصف کے مطابق یہ فتح اتنی واضح تھی کہ اس میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں رہی اور اس سے بین الاقوامی تعلقات میں پاکستان کا قد کاٹھ نمایاں طور پر بلند ہوا ہے۔

وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا عالمی تشخص اب مکمل طور پر تبدیل ہوچکا ہے کیونکہ ماضی میں جس ملک پر روزانہ کی بنیاد پر دہشتگردی کے الزامات لگائے جاتے تھے، آج وہی پاکستان خطے میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا ہے اور جنگوں کو ختم کرانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس وقت امریکہ اور برادر اسلامی ملک ایران کے درمیان ایک اہم اسٹریٹجک ثالث اور دفاعی پارٹنر کے طور پر کام کر رہا ہے، جس کی بدولت جنگ بندی ممکن ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پائیدار امن کے ثمرات سعودی عرب، خلیجی ممالک، وسطی ایشیائی ریاستوں، شام اور مصر سمیت پوری مسلم امہ تک پہنچیں گے اور خطے کے عوام سکھ کا سانس لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران جنگ بندی پر بھارت پریشان ہے کہ یہ کیا ہوگیا، وزیر دفاع خواجہ آصف

خواجہ آصف نے ان کامیابیوں اور امن کی کوششوں کا سہرا وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ان دونوں رہنماؤں کے باہمی تعاون سے پاکستان ایک نئی سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی بدولت ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا۔

وفاقی وزیر نے مزید انکشاف کیا کہ ایسی اطلاعات بھی گردش کررہی ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورہ چین کے دوران چند گھنٹوں کے لیے پاکستان میں قیام کرسکتے ہیں، جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا ثبوت ہے۔

عالمی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کا کوئی بھی ملک مزید دشمنی یا جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ عالمی سطح پر مہنگائی اور تیل کی فراہمی کے بحران نے معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اب یورپ کے رویے میں بھی بڑی تبدیلی آئی ہے اور وہ دشمنی کے بجائے مفاہمت اور امن کی بات کر رہے ہیں جبکہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم ایک بڑی جنگ روکنے میں کامیاب رہے، عالمی طاقتیں پاکستان کی طرف متوجہ ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب ایک محفوظ متبادل تجارتی اور سفارتی گیٹ وے کے طور پر اپنی جگہ بنا چکا ہے اور ان شاء اللہ دشمنیوں کے اس خاتمے سے ملک و قوم کے لیے خوشحالی کے نئے راستے کھلیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp