پاکستان کے پرائیویٹ حج سیکٹر نے عالمی سطح پر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے حج کے شعبے کے معتبر ترین ’لبیتم ایوارڈز‘ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جدید ڈیجیٹلائزڈ حج نظام اور حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے اعتراف میں پاکستان نے دنیا کی پہلی چھ پوزیشنوں میں نمایاں مقام حاصل کیا، جبکہ پہلی تینوں پوزیشنیں پاکستانی پرائیویٹ حج سیکٹر کے نام رہیں۔
حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایچ او اے پی) کے سربراہ ناصر خان نے اس کامیابی کو پاکستانی پرائیویٹ حج آپریٹرز کی پیشہ ورانہ مہارت، مسلسل محنت اور جدید ڈیجیٹل نظام کو مؤثر انداز میں چلانے کی صلاحیت کا عملی ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
ناصر خان کے مطابق حج کے انتظامات میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سسٹمز کے مؤثر استعمال نے پاکستانی پرائیویٹ حج سیکٹر کو دنیا کے نمایاں ترین حج سروس فراہم کرنے والوں میں شامل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ پاکستان کا نجی شعبہ جدید تقاضوں کے مطابق بین الاقوامی معیار کی خدمات فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے اس تاریخی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان آئندہ بھی پاکستانی حجاج کرام کو مزید بہتر، محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیراعظم پاکستان، وزارت مذہبی امور، سیکرٹری مذہبی امور اور ڈائریکٹر جنرل حج کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا گیا، جن کے تعاون اور رہنمائی کو اس کامیابی میں اہم قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:’حجاج اللہ کے مہمان ہیں‘، وزیراعظم کا سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن کو خصوصی ہدایات
ناصر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی پاکستان کے وقار کو مزید بلند کرنے اور حج خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جدید اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ پاکستانی حجاج کرام کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔














