پاکستان کے نوجوان اسپنر عرفات منہاس نے ون ڈے کرکٹ میں شاندار تاریخ رقم کرتے ہوئے ڈیبیو میچ میں 5 وکٹیں حاصل کر کے 42 سال پرانا قومی ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ون ڈے، آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری، 6کھلاڑی آؤٹ
عرفات منہاس نے یفتے کے روز ایک روزہ انٹرنیشنل میں اپنے کیریئر کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف 5 کھلاڑی آؤٹ کیے اور اس طرح یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ پاکستان کے پہلے بولر بن گئے۔
انہوں نے 10 اوورز میں ایک میڈن کے ساتھ محض 32 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی وکٹیں لینے کی اوسط 3 اعشاریہ 2 رہی۔
عرفات منہاس نے اس شاندار کارکردگی کے ساتھ زکریا خان کا 42 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے سنہ 1984 میں سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ون ڈے میچ میں 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
مزید پڑھیے: راولپنڈی میں کرکٹ کا بڑا معرکہ آج، پاکستان اور آسٹریلیا پہلی ون ڈے جنگ کے لیے تیار
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو پر بہترین بولنگ کا ریکارڈ زکریا خان کے پاس تھا جبکہ عبدالقادر نے سنہ 1983 میں سری لنکا کے خلاف 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
حالیہ برسوں میں ابرار احمد نے سنہ 2024 میں زمبابوے کے خلاف 33 رنز کے عوض 4 شکار کیے تھے جبکہ سفیان مقیم نے بھی اپنے پہلے ون ڈے میچ میں 52 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
تاہم عرفات منہاس نے 5 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کر دی اور اپنا نام ریکارڈ بکس میں درج کرا لیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان سیریز سے قبل آسٹریلیا کو دھچکا، کپتان مچل مارش انجری کے باعث باہر
کرکٹ ماہرین کے مطابق نوجوان اسپنر کی یہ کارکردگی نہ صرف ان کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے بلکہ پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کے روشن مستقبل کی بھی نوید ہے۔
ون ڈے ڈیبیو پر پاکستان کے بہترین بولنگ اعدادوشمار کچھ اس طرح ہیں۔
عرفات منہاس 5 وکٹیں بمقابلہ آسٹریلیا (2026(
زکریا خان 4/19 بمقابلہ سری لنکا (1984)
عبدالقادر 4/21 بمقابلہ سری لنکا (1983)
ابرار احمد 4/33 بمقابلہ زمبابوے (2024)
سفیان مقیم 4/52
عرفات منہاس کی اس تاریخی کارکردگی کو پاکستانی کرکٹ حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے اور شائقین کو امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی قومی ٹیم کے لیے اسی طرح یادگار پرفارمنس دیتے رہیں گے۔












