وحدت کالونی سانحہ: سرکاری افسران کے خلاف قتل اور خودکشی پر اکسانے کا مقدمہ درج

منگل 9 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ کی وحدت کالونی میں بیوی اور 4 بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرنے والے محمد آصف خان گورگیج کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں متعدد سرکاری افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ شہید امیر محمد دستی میں مقدمہ آصف خان گورگیج کے بھائی ظریف خان گورگیج کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں اندوہناک واقعہ، مالی مشکلات کے شکار شخص نے اہلیہ اور 4 بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی

مقدمے میں قتل، قتل بالسبب اور خودکشی پر اکسانے سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر میں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے افسر آفتاب جبل، ان کی اہلیہ، ڈائریکٹر اسمال انڈسٹریز اقبال اور مسعود مینگل کو نامزد کیا گیا ہے۔

مدعی ظریف خان نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے بھائی محمد آصف کو آفتاب جبل اور دیگر افراد کی جانب سے مسلسل بلیک میل کیا جا رہا تھا۔

ان کے مطابق آفتاب جبل مبینہ طور پر محمد آصف کو اپنی بیٹی کے نام پر ڈراتا اور دھمکاتا تھا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے۔

ظریف خان کا کہنا ہے کہ مسلسل دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے نتیجے میں محمد آصف شدید نفسیاتی دباؤ میں آ گئے تھے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: پولیس حراست میں نوجوان کی مبینہ خودکشی، اہلِ خانہ کا قتل کا الزام

ان کے مطابق، ان کے بھائی نے اسی کیفیت میں اپنی بیوی اور 4 بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی شدید زخمی کر لیا، جو بعد ازاں ان کی موت کا سبب بنا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

تاہم مقدمے میں عائد الزامات کی تصدیق یا تردید عدالت اور تفتیشی عمل کے مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

تدفین

دریں اثنا، مقتول خاتون سمیت 4 بچوں کی نمازِ جنازہ وحدت کالونی میں ادا کر دی گئی ہے، جہاں اہلخانہ، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp