کیا ورلڈ کپ فائنل دیکھنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر خرچ کرنے ہوں گے؟

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فٹبال کے شائقین 2026 فیفا ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹس حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہیں تاہم نیویارک کے ایک لگژری ہوٹل نے شائقین کے لیے ایک غیر معمولی اور انتہائی مہنگا پیکج پیش کیا ہے، جس کی قیمت 1 ملین امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔

مین ہیٹن میں واقع معروف دی مارک ہوٹل نے ‘World Cup Extravaganza’ کے نام سے ایک خصوصی ہاسپیٹیلٹی پیکج متعارف کرایا ہے جس میں فائنل میچ کے موقع پر 6 افراد کے لیے غیر معمولی لگژری سہولیات شامل ہیں۔

پیکج کی تفصیلات

یہ پیکیج 1 ملین ڈالر (ٹیکس کے علاوہ) کی قیمت پر دستیاب ہے اور اس میں 16 جولائی سے 21 جولائی 2026 تک چار راتوں کا قیام شامل ہے۔ مہمان دی مارک پینٹ ہاؤس میں ٹھہریں گے جو شمالی امریکا کا سب سے بڑا ہوٹل پینٹ ہاؤس ہے۔

یہ پینٹ ہاؤس ورلڈ کپ کے لیے ایک نجی مرکز کے طور پر کام کرے گا جہاں بڑی اسکرینوں پر تمام میچز براہِ راست دکھائے جائیں گے ساتھ ہی پرائیویٹ لاؤنجز، ذاتی تفریح اور 24 گھنٹے سروس دستیاب ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: چیمپیئن، رنرز اپ اور دیگر ٹیموں کو کتنی رقم ملے گی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

یہ پیکیج چھ افراد کے لیے ہے جبکہ مزید دو کمروں کی سہولت ذاتی معاونین، سیکیورٹی یا اسٹاف کے لیے دی گئی ہے۔ ایک 24 گھنٹے دستیاب بٹلر اور آن کال مساج تھراپسٹ بھی شامل ہیں تاکہ ہر تفصیل کا خیال رکھا جا سکے۔

پرتعیش تجربات

مہمان پینٹ ہاؤس کی چھت پر مشروبات اور کیویار سے لطف اندوز ہوں گے جہاں سے مین ہیٹن کی شاندار اسکائی لائن اور سینٹرل پارک کا نظارہ کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ ایک نجی جم اور کولڈ پلنج بھی دستیاب ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 3 ممالک میں شاندار افتتاحی تقریبات کا آغاز، شکیرا، کیٹی پیری اور برنا بوائے مدعو

پیکیج میں ایک خصوصی تجربہ 70 فٹ لمبی لگژری کشتی پر نیویارک ہاربر کا سفر بھی ہے جہاں معروف شیف ژاں جارج وونگیرشٹن یا کیویار کسپیا کے خصوصی مینو پیش کیے جائیں گے۔

ہیلی کاپٹر سفر اور اسٹیڈیم سہولتیں

مہمانوں کو میچ کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لایا اور واپس لے جایا جائے گا تاکہ شہر میں متوقع ہجوم سے بچا جا سکے۔ پورے قیام کے دوران ایک لگژری کار بھی دستیاب رہے گی۔

اسٹیڈیم میں انہیں بہترین پچ سائیڈ نشستیں، خصوصی لاؤنج رسائی، علیحدہ انٹری اور یادگاری تحائف دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فٹبال کا جنون عروج پر، ظہران ممدانی کا فیفا ورلڈ کپ فائنل کی مفت واچ پارٹی کا اعلان

فائنل کے بعد جشن مارک ہوٹل میں جاری رہے گا جہاں مہمان میڈیسن ایونیو کے اوپر ایک نجی الوداعی تقریب میں ورلڈ کپ کی یادیں تازہ کریں گے۔

دی مارک ہوٹل مین ہیٹن کے سب سے پرتعیش ہوٹلوں میں شمار ہوتا ہے جس میں 106 کمرے، 47 سوئٹس اور شمالی امریکا کا سب سے بڑا ہوٹل پینٹ ہاؤس موجود ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp