پاکستان کی مسقط ایکشن پلان کی حمایت، نفرت انگیز تقاریر کے خاتمے کے لیے اہم قدم قرار

جمعہ 12 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ مسقط ایکشن پلان رواداری، امن اور پرامن معاشروں کے قیام کے لیے ایک جدید اور مؤثر راستہ ہے، جو نفرت انگیز تقاریر اور تشدد پر اکسانے کے رجحانات کے خاتمے میں مدد دے سکتا ہے۔

مسقط ایکشن پلان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سلطنت عمان، اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر برائے نسل کشی کی روک تھام کے دفتر اور پیس میکرز نیٹ ورک کو مسقط پلان آف ایکشن کی تیاری اور تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے سیاسی حل ضروری ہے، پاکستان

انہوں نے مختلف معزز شخصیات، خصوصاً روایتی اور مقامی قیادت کے نمائندوں کی بصیرت افروز آرا کو بھی سراہا۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ نفرت انگیز بیانات اور نسل کشی جیسے جرائم کی ترغیب پیچیدہ عوامل سے جڑی ہوتی ہے، جن کا مؤثر اور جامع حل قومی و بین الاقوامی سطح پر مشترکہ ذمہ داری کے ساتھ ساتھ مقامی قیادت کے فعال کردار کا بھی متقاضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی عمائدین، سردار اور مقامی رہنما تاریخ میں ہمیشہ مقامی حکمرانی، تنازعات کے حل اور ثالثی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں، اور آج بھی امن قائم کرنے، تنازعات کم کرنے اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں۔

پاکستانی مندوب کے مطابق مسقط ایکشن پلان ایک ایسا جدید اقدام ہے جو روایتی اور مقامی قیادت کی ثقافتی ساکھ اور اثر و رسوخ کو بروئے کار لا کر نفرت انگیز تقاریر کے خلاف مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کو اولین ترجیح بنانے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ریاستی کوششوں کو مزید مضبوط بناتا ہے تاکہ منصفانہ، جامع اور پرامن معاشروں کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ آج کے دور میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت، امتیاز اور اخراج کے تناظر میں پاکستان ایسے اقدامات کی حمایت کرتا ہے، اور اقوام متحدہ کی جانب سے ان رجحانات کے تدارک کے لیے بڑھتی ہوئی توجہ کو سراہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر نفرت انگیز نظریات کے خاتمے اور معاشروں کو امن، مساوات اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp