نیتن یاہو کو اوقات یاد دلادی گئی: امریکا کے بغیر اسرائیل کا وجود ہی نہ رہتا، ڈونلڈ ٹرمپ

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے یا امریکا کے بغیر اسرائیل کا وجود برقرار نہیں رہ سکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے پر اتفاق، معاہدہ امریکا کی جانب سے مکمل ہو چکا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جی-7 سربراہی اجلاس کے موقعے پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کے دوران امریکی صدر نے اسرائیل کی ’بساط‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے یا امریکا کے بغیر اسرائیل کا وجود ہی نہ ہوتا‘۔

گفتگو کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور اسرائیل کی پالیسیوں پر غیر معمولی انداز میں تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کے نیتن یاہو کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم لبنان کے معاملے میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کبھی ایک منظم اور مستحکم ملک تھا لیکن اب اس کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ لبنان اور حزب اللہ کے حوالے سے اسرائیل کے طرز عمل سے خوش نہیں ہیں اور اسرائیل کو اس معاملے میں زیادہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیے: امریکا اور ایران امن معاہدے کے قریب، اسرائیل کی جانب سے لبنان پر مزید کوئی حملہ نہیں ہونا چاہیے، ڈونلڈ ٹرمپ

دریں اثنا مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے سابق امریکی صدر براک اوباما اور ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بن یامین نیتن یاہو نے واشنگٹن آ کر اوباما سے ایران کے ساتھ معاہدہ نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

ٹرمپ کے مطابق نیتن یاہو نے اوباما سے بارہا اپیل کی تھی کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ نہ کریں تاہم اوباما نے اسرائیل کے مؤقف کے برخلاف ایران کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ اوباما اس معاملے میں اسرائیل کے بجائے ایران کے مؤقف کے قریب تھے اور اسی وجہ سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ممکن ہوا۔

مزید پڑھیں: ایران اسرائیل جنگ کو ایک سال مکمل، تل ابیب کا اصل ہدف کیا تھا؟ وہ سنسنی خیز تفصیلات جو اب تک چھپائی گئیں

امریکی صدر کے حالیہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرق وسطیٰ کی صورتحال، ایران کے جوہری پروگرام اور اسرائیل کے علاقائی کردار سے متعلق عالمی سطح پر بحث جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp