ایکس پلیٹ فارم دنیا بھر میں متاثر، ہزاروں صارفین کی شکایات

پیر 22 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، کو پیر کے روز مختصر لیکن وسیع پیمانے پر عالمی تعطل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ہزاروں صارفین کو سروس کے استعمال میں مشکلات پیش آئیں۔

آؤٹج ٹریک کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق خرابی کا آغاز صبح تقریباً 9 بجے مشرقی امریکی وقت کے مطابق ہوا، جہاں امریکا میں شکایات کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

یہ بھی پڑھیں: کلاؤڈ فلیئر میں تکنیکی خرابی کے باعث متعدد ویب سائٹس متاثر، ایکس کی سروس بھی ڈاؤن

کینیڈا میں شکایات 3 ہزار 400 سے زائد کی بلند سطح سے کم ہو کر تقریباً 30 رہ گئیں، جبکہ برطانیہ میں بھی 9 ہزار سے زائد شکایات سامنے آنے کے بعد صورتحال میں بہتری آ گئی۔

رپورٹس کے مطابق زیادہ تر مسائل ایکس کی موبائل ایپ سے متعلق تھے، جہاں تقریباً 45 فیصد صارفین نے ایپ کے درست طریقے سے کام نہ کرنے کی شکایت کی۔

تقریباً 30 فیصد صارفین نے بتایا کہ ان کی فیڈ اور ٹائم لائن اپ ڈیٹ نہیں ہورہی تھی یا نئی پوسٹس لوڈ نہیں ہو رہی تھیں۔

اسی دوران کلاوڈ فلیئر کے ویب انفراسٹرکچر میں بھی خرابی کی اطلاعات سامنے آئیں، جہاں فائبر کیبل میں نقص کے باعث شمالی امریکا اور یورپ میں تاخیر اور کنکشن کے مسائل رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایکس نے ’ری ایکٹ ود ویڈیو‘ فیچر متعارف کرا دیا، یہ کام کیسے کرتا ہے؟

واضح رہے کہ ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر موجود اعداد و شمار صارفین کی جانب سے درج کی گئی شکایات پر مبنی ہوتے ہیں، اس لیے متاثرہ صارفین کی اصل تعداد اس سے مختلف ہو سکتی ہے۔

ایلون مسک کی ملکیت والے پلیٹ فارم ایکس کی جانب سے فوری طور پر خرابی کی اصل وجہ سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp