اسٹار آل راؤنڈر ’ایلیس پیری‘ کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم نے خواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو 113 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات مزید روشن کر لیے ہیں۔
اس شکست کے بعد پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے اور گروپ مرحلے کے اپنے تمام چاروں میچز ہار چکی ہے۔
ایلیس پیری کی جارحانہ بیٹنگ اور آسٹریلیا کا بڑا اسکور
میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026: کیا بھارت سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر سکے گا؟
آسٹریلیا کی جانب سے ایلیس پیری نے جارحانہ انداز اپنایا اور محض 48 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، پاکستانی بولرز آسٹریلین بیٹرز پر قابو پانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیے۔
پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت
200 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور پوری ٹیم صرف 86 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر ‘منیبہ علی’ 32 رنز بنا کر سب سے نمایاں بیٹر رہیں، تاہم وہ مڈ وکٹ پر کیچ آؤٹ ہو گئیں۔
پوری اننگز کے دوران پاکستانی بیٹنگ لائن مسلسل دباؤ کا شکار رہی جبکہ 3 کھلاڑیوں کا رن آؤٹ ہونا ٹیم کی خراب کارکردگی اور تال میل کی کمی کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایلیس پیری نے بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کی مسلسل چوتھی فتح، اگلا مقابلہ بھارت سے
6 مرتبہ کی عالمی چیمپیئن آسٹریلیا نے گروپ مرحلے میں اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی ہے۔
آسٹریلیا کا اگلا اور اہم ترین مقابلہ اتوار کو اپنے روایتی حریف ‘انڈیا ویمن کرکٹ ٹیم’ کے خلاف ہوگا، جسے سیمی فائنل کی دوڑ کے لحاظ سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا کر امیدیں برقرار رکھیں
ٹورنامنٹ کے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپیئن نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی اپنی مدھم امیدیں برقرار رکھی ہیں۔
مزید پڑھیں:کھیل میں بھی سیاست، ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ‘ڈارسی کارٹر’ نے 72 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، تاہم نیوزی لینڈ کی ‘ازی شارپ’ (62) اور ‘بروک ہالیڈے’ (41) کے درمیان ہونے والی سنچری شراکت نے اپنی ٹیم کو آسان فتح دلا دی۔
چماری اتھاپتھو کی سنچری؛ سری لنکا کی آئرلینڈ پر یکطرفہ جیت
ایک اور سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا ویمن کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کو 9 وکٹوں کے بڑے مارجن سے چت کر دیا۔ سری لنکن کپتان ‘چماری اتھاپتھو’ نے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اور 61 گیندوں پر 17 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
یہ اس ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔ سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 27 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ سری لنکن ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اسکاٹ لینڈ کے خلاف اپنا آخری میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ دیگر میچوں کے نتائج کے بھی اپنے حق میں آنے کا انتظار کرنا ہوگا۔














