قومی کرکٹر عماد وسیم اور ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان جاری تنازع ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث آ گیا ہے۔ ثانیہ اشفاق نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق نئے الزامات عائد کیے ہیں، جبکہ عماد وسیم نے بھی ان دعوؤں پر ردعمل دیتے ہوئے اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھ دیا ہے۔
انسٹاگرام پر جاری بیان میں ثانیہ اشفاق نے دعویٰ کیاکہ شادی کے دوران انہیں مسلسل ذہنی دباؤ، نامناسب رویے اور حد سے زیادہ کنٹرول کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: ’میری زندگی سے دور رہیں‘، نائلہ راجہ کی عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کو آخری وارننگ
ان کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد بھی صورتحال تبدیل نہیں ہوئی، کیونکہ ان کے بقول عماد وسیم نہ تو بچوں کے اخراجات برداشت کررہے ہیں، نہ ہی ان سے ملاقات یا رابطہ رکھنے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود بچوں کی تحویل حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ثانیہ اشفاق نے مزید الزام لگایا کہ عماد وسیم اور ان کی موجودہ اہلیہ نائلہ راجا کے تعلقات کے آغاز کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ ان کے مطابق حمل کے دوران انہیں دھوکا دیا گیا، جبکہ اسی عرصے میں سابق شوہر کے رویے نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ دعویٰ بھی کیاکہ جولائی 2025 میں برطانیہ میں گھریلو تشدد اور رویے سے متعلق الزامات کے تحت عماد وسیم کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق اس دوران انہیں خدشہ تھا کہ بچوں کو ان سے الگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ان پر اپنا مؤقف واپس لینے کے لیے دباؤ بھی ڈالا گیا۔
ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں سوشل ورکرز نے عماد وسیم سے بچوں سے رابطے کے بارے میں استفسار کیا، مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ان کے بقول وہ نہ بچوں سے ملنا چاہتے ہیں اور نہ ہی ان سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں، تاہم ان پر مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ وہ بچوں کی تحویل سے دستبردار ہو جائیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک ماں کی حیثیت سے وہ اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گی اور انہیں یقین ہے کہ ایک دن تمام حقائق سامنے آ جائیں گے۔
دوسری جانب عماد وسیم نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے تمام الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ طلاق ان کا ذاتی فیصلہ تھا اور وہ اس باب کو اپنی زندگی میں ہمیشہ کے لیے بند کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ان کی موجودہ زندگی، اہلیہ اور اہل خانہ کو اس تنازع میں گھسیٹنے سے گریز کیا جائے۔
مزید پڑھیں: نائلہ راجہ میرے ایک بچے کی کسٹڈی اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے، عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کا الزام
عماد وسیم نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی موجودہ اہلیہ نائلہ راجا ان کی زندگی میں طلاق کے بعد آئیں، اس لیے ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے سابقہ اہلیہ پر زور دیا کہ وہ ماضی کو پیچھے چھوڑیں، حقیقت کو قبول کریں اور اس معاملے کو روزانہ عوامی سطح پر زیر بحث لانے کا سلسلہ ختم کریں۔ عماد وسیم نے مزید کہا کہ اس تنازع پر عوامی طور پر یہ ان کا آخری بیان ہوگا۔














