فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر آخری 16 مرحلے میں جگہ بنا لی، جبکہ اس شکست کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں تمام ایشیائی ٹیموں کا سفر بھی اختتام پذیر ہو گیا۔
اگرچہ ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی نمائندہ ٹیم آسٹریلیا اب بھی ٹورنامنٹ میں موجود ہے، تاہم جغرافیائی اعتبار سے وہ ایشیائی ملک نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مراکش کی ڈرامائی فتح، نیدرلینڈز ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر
68 ہزار 777 تماشائیوں کی موجودگی میں کھیلے گئے مقابلے میں ابتدا میں برازیل نے کھیل پر گرفت قائم رکھی، تاہم جاپان نے رفتہ رفتہ خود کو سنبھالا اور 29ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی۔
یہ گول برازیل کے دفاعی کھلاڑی ڈینیلو کی غلطی کا نتیجہ تھا، جن کے ناقص پاس کو کائیشو سانو نے درمیان میدان میں حاصل کیا، تیزی سے آگے بڑھے، تجربہ کار کاسیمیرو کو پیچھے چھوڑا اور گول کیپر ایلیسن کو شکست دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔ یہ سانو کا قومی ٹیم کی جانب سے پہلا گول تھا۔
https://x.com/Tekkerzball/status/2071672108992610799
جاپان کی برتری کے بعد برازیل کے مداحوں میں بے چینی پھیل گئی جبکہ ٹیم کا حملہ بھی غیر مؤثر دکھائی دیتا رہا۔ وقفے کے دوران کوچ کارلو اینچیلوٹی کو زخمی لوکاس پاکیتا کی جگہ 19 سالہ اسٹرائیکر اینڈرک کو میدان میں اتارنا پڑا۔
دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی برازیل نے مسلسل دباؤ بڑھایا۔ جاپانی مدافع تاکیہیرو تومیاسو نے 2 مرتبہ گیند کو گول لائن سے واپس کر کے اپنی ٹیم کو بچایا، تاہم 56ویں منٹ میں برازیل کو برابری کا گول مل گیا۔
Devastation for Japan as they exit the World Cup pic.twitter.com/ZC2ImnlK30
— ESPN FC (@ESPNFC) June 29, 2026
گیبریل کے عمدہ کراس پر کاسیمیرو نے بغیر کسی مزاحمت کے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی اور مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
اس کے بعد برازیل نے مسلسل حملے جاری رکھے۔ ونیشیئس جونیئر، جنہوں نے گروپ مرحلے میں 4 گول کیے تھے، دوسرے ہاف میں بھرپور فارم میں نظر آئے۔ ایک موقع پر ان کی شاٹ جاپانی گول کیپر زیون سوزوکی نے پوسٹ سے ٹکرا کر بچا لی۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ: ڈی آر کانگو نے تاریخ رقم کردی، انگلینڈ گروپ چیمپئن، کروشیا بھی کامیاب
ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں برازیل کو فیصلہ کن کامیابی انجری ٹائم میں ملی، جب متبادل کھلاڑی گیبریل مارٹینیلی نے 95ویں منٹ میں گول کر کے جاپان کی شاندار مزاحمت کا خاتمہ کر دیا۔
جاپان کی شکست کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں ایشیا کی تمام حقیقی نمائندہ ٹیموں کی مہم بھی اختتام پذیر ہو گئی، برازیل اب پری کوارٹر فائنل میں آئیوری کوسٹ یا ناروے میں سے کسی ایک کا سامنا کرے گا۔














