ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن قوانین میں اصلاحات ضروری، شزا فاطمہ

اتوار 5 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ میں ترامیم وقت کا اہم تقاضا ہیں، کیونکہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ڈیٹا اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کی ضرورت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے قانون سازی کر رہی ہے تاکہ پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈیجیٹل معیشت پاکستان کی ترقی کا نیا انجن بن سکتی ہے، شزا فاطمہ

اسلام آباد میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت ملک میں جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن قوانین کو موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کی سب سے بڑی اسپیکٹرم آکشنز میں سے ایک کامیابی سے مکمل کی، جس کے بعد یہ ضروری ہو گیا ہے کہ قانونی اور انتظامی نظام کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جائے۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ میں مجوزہ ترامیم وسیع مشاورت اور اتفاق رائے سے تیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کو بھی تجویز دی گئی ہے کہ بل سے متعلق لگائے گئے الزامات کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ تمام خدشات دور کیے جا سکیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بل کا جائزہ لینے والی کمیٹی کو کسی ایک کمپنی کو فائدہ پہنچانے یا نوازنے کے الزام کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل معیشت کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں تعلیم، فری لانسنگ، ای کامرس اور جدید کاروباری سرگرمیوں کے لیے مؤثر ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹیکنالوجیز کو عدم مساوات بڑھانے کے بجائے مواقع کی برابری کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کمیٹی نے بل میں موجود تمام خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ کے لیے عوامی املاک کے استعمال کو مفت کر دیا گیا ہے، جبکہ نجی املاک کے استعمال سے متعلق مختلف کیٹیگریز اور طریقہ کار بھی وضع کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق کمیٹی کی حتمی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی گئی ہے اور حکومت ٹیلی کمیونیکیشن شعبے میں شفاف، جدید اور سرمایہ کار دوست قانونی فریم ورک کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp