پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو کاروبار کے دوران ابتدائی شدید مندی کے بعد جزوی بہتری دیکھنے میں آئی، تاہم انڈیکس دوپہر تک بدستور منفی زون میں رہا۔
دوپہر 12 بجے تک بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 252.62 پوائنٹس یعنی 0.13 فیصد کمی کے ساتھ 187,202.08 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟
ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اب تک 21 کروڑ 93 لاکھ 50 ہزار سے زائد شیئرز کا لین دین ہو چکا تھا۔
کاروبار کے آغاز میں فروخت کے دباؤ کے باعث انڈیکس تقریباً 700 پوائنٹس تک گر گیا تھا، تاہم بعد ازاں خریداری آنے سے مارکیٹ نے اپنے بیشتر نقصانات پورے کر لیے اور خسارہ کم ہو کر تقریباً 253 پوائنٹس رہ گیا۔
Market is down at midday 👇
⏳ KSE 100 is negative by -252.62 points (-0.13%) at midday trading. Index is at 187,202.08 and volume so far is 219.35 million shares (12:00 PM) pic.twitter.com/zRM869YnLt— Investify Pakistan (@investifypk) July 7, 2026
ابتدائی کاروبار کے دوران آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، کھاد، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں اور ریفائنری کے شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔
حب پاور، اٹک ریفائنری، ماری انرجیز، او جی ڈی سی ایل، پاکستان اسٹیٹ آئل، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک اور یونائیٹڈ بینک جیسے مارکیٹ پر نمایاں اثر رکھنے والے حصص منفی زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ کر مندی سے دوچار، کیا معیشت خطرے میں ہے؟
اس سے ایک روز قبل پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اپنی ریکارڈ ساز تیزی کا سلسلہ برقرار رکھا تھا۔ ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی بھرپور خریداری، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی۔
پیر کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس 2,082.49 پوائنٹس یعنی 1.12 فیصد اضافے کے ساتھ 187,454.69 پوائنٹس کی نئی بلند ترین اختتامی سطح پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی منگل کو ملا جلا رجحان دیکھا گیا، ایشیائی حصص بازاروں میں کمی ریکارڈ کی گئی، حالانکہ جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ الیکٹرونکس نے دوسری سہ ماہی کے منافع میں 19 گنا اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔
جنوبی کوریا کی اسٹاک مارکیٹ میں 4.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک مارکیٹوں کے ایم ایس سی آئی انڈیکس میں 0.73 فیصد اور جاپان کے نکی انڈیکس میں 1.08 فیصد کمی دیکھی گئی۔
مزید پڑھیں: غیر یقینی عالمی صورتحال اور مہنگی مانیٹری پالیسی، اسٹاک مارکیٹ منفی زون میں
دریں اثنا، امریکی وال اسٹریٹ میں گزشتہ روز تینوں بڑے انڈیکس مثبت زون میں بند ہوئے، مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی سے وابستہ کمپنیوں کی بہتر کارکردگی کی توقعات کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہا، جس کے نتیجے میں ڈاؤ جونز 0.29 فیصد، ایس اینڈ پی 500 0.72 فیصد اور نیسڈیک کمپوزٹ 1.12 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔














