وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں صرف 75 روز کے دوران 1129 سڑکوں کی تعمیر و بحالی مکمل کی گئی، جس کے تحت 1795 کلومیٹر طویل روڈ نیٹ ورک مکمل ہوا۔
اجلاس میں محکمہ مواصلات کی جانب سے روڈ سیکٹر کے منصوبوں، فنڈز کے استعمال اور جاری ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق ’سوہنے پنڈ، سوہنیاں راہواں‘ پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے نمایاں پیشرفت ہوئی۔
محکمہ حکام نے بتایا کہ 30 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی ان اسکیموں میں فیلڈ اسٹاف نے 3 شفٹوں میں دن رات کام کیا، جبکہ روڈ ریسٹوریشن پروگرامز میں 11 ارب روپے کی بچت بھی کی گئی۔
مزید پڑھیں:سانحہ کاہنہ: وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی متاثرہ خاندانوں سے ملاقات، مالی امداد کے چیکس تقسیم
اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال اپریل سے جولائی تک 6 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی مکمل کی گئی، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ڈھائی سالہ دور میں مجموعی طور پر 32 ہزار سڑکیں مکمل کرنے کا ہدف حاصل کیا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق روڈ سیکٹر کے لیے مجموعی طور پر 125 ارب روپے مختص کیے گئے، جن میں وزیراعلیٰ انیشیٹو، لوکل روڈز پروگرام اور تکمیل کے قریب منصوبے شامل ہیں۔ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی شرح 99 فیصد بتائی گئی۔
حکام کے مطابق لوکل روڈز پروگرام کے تحت 79 ارب روپے کی لاگت سے 1567 اسکیمیں شامل ہیں، جن میں 3400 کلومیٹر طویل سڑکوں کا نیٹ ورک شامل ہے، جبکہ ان میں سے 1129 اسکیمیں صرف 75 روز میں مکمل کی جا چکی ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں دیہی سڑکوں کو انٹر ولیج نیٹ ورک سے منسلک کیا گیا، جبکہ منصوبوں کی تکمیل سے متعلق دستاویزی ویڈیو بھی پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں صرف 75 روز کے دوران 1129 سڑکوں کی تعمیر و بحالی مکمل کی گئی، جس کے تحت 1795 کلومیٹر طویل روڈ نیٹ ورک مکمل ہوا۔@pmln_org @MaryamNSharif @KhUsamaIqbal pic.twitter.com/JSBDBGhyES
— Media Talk (@mediatalk922) July 7, 2026
بریفنگ کے مطابق 93.5 کلومیٹر طویل ملتان-وہاڑی ڈوئل روڈ مکمل کرلی گئی۔ 24 کلومیٹر طویل فیصل آباد-چنیوٹ ڈوئل روڈ مکمل کی گئی۔ سیاحت کے فروغ کے لیے 13 کلومیٹر طویل ٹورازم ہائی وے ڈوئل روڈ مکمل ہوئی۔ روڈ ریسٹوریشن پروگرام فیز ون کی 86 اسکیموں پر 77 فیصد جبکہ فیز ٹو کی 41 اسکیموں پر 31 فیصد کام مکمل ہونے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ تمام 124 سڑکیں بحال کر دی گئی ہیں۔ اجلاس میں پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے تحت 6 نئے جدید سروس ایریاز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ حکام کے مطابق ان سروس ایریاز سے سالانہ 50 کروڑ روپے آمدن متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ رنگ روڈ پر بین الاقوامی معیار کے سروس ایریاز قائم کیے جائیں اور ناردرن لوپ کی بحالی اور خوبصورتی کے منصوبے پر کام تیز کیا جائے۔ بتایا گیا کہ تمام 6 سروس ایریاز دسمبر تک فعال کر دیے جائیں گے۔
اجلاس میں پنجاب بھر کی شاہراہوں کے انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کی خوبصورتی، لین مارکنگ اور روڈ سیفٹی اقدامات کے پلان بھی پیش کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کی تمام شاہراہوں پر معیاری لین مارکنگ ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے مالیاتی پروگرام میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے 42 نئی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔ لوکل روڈز کے لیے 17 ارب روپے جبکہ وزیراعلیٰ انیشیٹو کے لیے 17.23 ارب روپے منظور کیے گئے۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فیصل آباد-چنیوٹ روڈ کے دوسرے مرحلے سمیت مجموعی طور پر 907 اسکیموں کی منظوری دی گئی۔
مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ثقافتی تنوع برائے مکالمہ و ترقی کے عالمی دن پر خصوصی پیغام
حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ مقامی سڑکوں کی فوری تعمیر و بحالی، جبکہ سابقہ حکومتوں کے نامکمل اور فنڈز سے محروم منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے 14 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔
اجلاس میں نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 51 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں زیر تعمیر تمام سڑکوں کی تکمیل کے لیے واضح اور حتمی ٹائم لائن پیش کی جائے۔
اجلاس کے اختتام پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا گیا۔














