جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ملاقات کی جس میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، وزارت خارجہ کے سینئر نمائندوں اور مسلم ورلڈ لیگ کے اعلیٰ سطحی وفد نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس پاکستان کا عالمی عدالتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ، روس میں بین الاقوامی قانونی فورم میں شرکت
ملاقات کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے معزز وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے مکالمے، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے مسلم ورلڈ لیگ کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے اسلام کی حقیقی تعلیمات، انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا کے تدارک، انسانی فلاح اور مشترکہ انسانی اقدار کے فروغ میں ڈاکٹر العیسیٰ کی بصیرت افروز قیادت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ انسانی اقدار پر مبنی عالمی تعاون آج کے دور کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اس موقعے پر سپریم کورٹ کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی نظام میں انصاف تک آسان رسائی، ادارہ جاتی شفافیت، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی عدالتی خدمات اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیے: وفاقی محتسب کی چیف جسٹس سے ملاقات، ہراسانی سے متعلق قوانین کے مؤثر نفاذ پر گفتگو
انہوں نے زور دیا کہ ایک آزاد، مؤثر اور عوام دوست عدلیہ قانون کی حکمرانی اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے جبکہ بین الاقوامی عدالتی اداروں کے ساتھ روابط اور بہترین تجربات کے تبادلے سے عدالتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں ثالثی، انصاف تک رسائی، عدالتی تعلیم، بنیادی حقوق کے تحفظ اور ادارہ جاتی تعاون کے مختلف امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران ضلعی عدلیہ کے افسران اور تکنیکی ماہرین کے لیے پیشہ ورانہ تبادلہ پروگرامز، استعدادِ کار میں اضافے، باہمی تعلیم اور عدالتی انتظامیہ و کورٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقعے پر مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی اصلاحاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انصاف، رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ انسانی فلاح، بین الاقوامی تعاون اور مشترکہ انسانی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں: ہائیکورٹ ججز کے تبادلوں پر جوڈیشل کمیشن اجلاس طلب، چیف جسٹس کے تحفظات سامنے آ گئے
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے قانون کی حکمرانی، انسانی وقار، سماجی ہم آہنگی اور انصاف کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔













