پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر عام انتخابات 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں مرکزی الیکشن کوآرڈینیشن سیل قائم کرتے ہوئے تمام 45 انتخابی حلقوں اور مہاجر نشستوں کے لیے فوکل پرسنز مقرر کر دیے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فوکل پرسنز اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی مہم، رابطہ کاری، مانیٹرنگ اور انتخابی معلومات کی بروقت ترسیل کے ذمہ دار ہوں گے۔ وہ اپنے حلقوں اور مرکزی الیکشن کوآرڈینیشن سیل کے درمیان سرکاری رابطہ کار کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن انتخابی مہم کا آغاز کرکے دیگر سیاسی جماعتوں پر بازی لے گئی
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام فوکل پرسنز پارٹی کی انتخابی حکمت عملی پر عمل درآمد، تنظیمی رابطوں کو مؤثر بنانے اور امیدواروں، ضلعی قیادت، میڈیا ٹیم اور مرکزی الیکشن کوآرڈینیشن سیل کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔
فوکل پرسنز کو جلسوں، کارنر میٹنگز، ریلیوں اور دیگر انتخابی سرگرمیوں کی نگرانی کے علاوہ تصاویر، ویڈیوز، پریس ریلیزز اور رپورٹس فوری طور پر مرکزی الیکشن کوآرڈینیشن سیل کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی معلومات کی بروقت اور درست ترسیل پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک یقینی بنانا بھی فوکل پرسنز کی ذمہ داری ہوگی، جبکہ مرکزی الیکشن کوآرڈینیشن سیل کی جانب سے تفویض کیے جانے والے دیگر انتخابی فرائض بھی وہ انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: پی ٹی آئی نے انتخابات کا بائیکاٹ کیوں کیا، 27 جولائی کو اس کا فائدہ کس پارٹی کو ہوگا؟
پارٹی نے تمام امیدواروں، عہدیداروں اور کارکنوں کو مقررہ فوکل پرسنز کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی ہے۔ یہ تقرریاں فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گی۔
مرکزی الیکشن کوآرڈینیشن سیل کے انچارج محمد حنیف ملک نے 10 جولائی 2026 کو تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کی نقول پارٹی صدر آزاد کشمیر، تمام امیدواروں، فوکل پرسنز اور متعلقہ دفاتر کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
رابطہ سیل مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے مطابق فوکل پرسنز کی تقرری کا مقصد انتخابی سرگرمیوں میں مؤثر ہم آہنگی اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنانا ہے۔










