دنیا کے معروف ارب پتی جیف بیزوس کی سابق اہلیہ اور معروف مخیر شخصیت میکینزی اسکاٹ نے نوجوانوں میں ذہنی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے والی امریکی غیر منافع بخش تنظیم ایکٹو مائنڈز (Active Minds) کو 2 کروڑ ڈالر (20 ملین ڈالر) کا عطیہ دیا ہے جو تنظیم کی تاریخ کا سب سے بڑا عطیہ قرار دیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی جریدے فورچون کی رپورٹ کے مطابق یہ عطیہ مکمل طور پر غیر مشروط (Unrestricted) ہے، جس کے باعث تنظیم اس رقم کو اپنی ترجیحات کے مطابق ذہنی صحت کے پروگراموں کی توسیع، نوجوان رہنماؤں کی معاونت اور مختلف کمیونٹیز کی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کر سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شہزادہ ہیری کی برطانیہ میں 1.1 ملین پاؤنڈ کی عطیہ رقم سے متعلق نئے دعوے سامنے آگئے
ایکٹو مائنڈز کی بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایلیسن مالمن کا کہنا ہے کہ میکینزی اسکاٹ کی یہ مالی معاونت نہ صرف اپنی مالیت کے اعتبار سے غیر معمولی ہے بلکہ اس سے نوجوانوں کو ذہنی صحت کے شعبے میں تبدیلی کے اہم محرک کے طور پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق غیر مشروط فنڈنگ تنظیم کو وہاں وسائل خرچ کرنے کی آزادی دیتی ہے جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہو۔
تنظیم نے بتایا ہے کہ عطیے کی رقم سے ملک بھر میں اپنے نیٹ ورک کو مضبوط بنایا جائے گا، نوجوانوں کی قیادت میں چلنے والے منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا اور ہائی اسکول و کالج کے طلبہ کے لیے ذہنی صحت سے متعلق آگاہی اور وکالت کے پروگراموں میں توسیع کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 5 پاؤنڈز کا عطیہ جیب میں ڈالنے کا معاملہ، ابرار الحق اور صحافی سفینہ خان کے درمیان تکرار کی ویڈیو وائرل
یہ عطیہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ میں نوجوانوں کی ذہنی صحت سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2023 میں ہر پانچ میں سے ایک امریکی ہائی اسکول طالب علم نے خودکشی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچا جبکہ بے چینی اور ڈپریشن جیسے مسائل میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
میکینزی اسکاٹ گزشتہ چند برسوں سے دنیا کی نمایاں مخیر شخصیات میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ 2020 سے اب تک تقریباً 26 ارب ڈالر مختلف شعبوں جن میں تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور کمیونٹی ویلفیئر شامل ہیں، کے لیے عطیہ کر چکی ہیں۔ رواں سال کے آغاز میں بھی انہوں نے مختلف امریکی تعلیمی اور فلاحی اداروں کو مجموعی طور پر کروڑوں ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی تھی۔














