ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کا سیلابی انتباہ

اتوار 19 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثرانداز ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بھی پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:چین میں بارشوں سے پہاڑی تودہ گر گیا، 8 افراد ہلاک، 34 لاپتا

اس موسمی نظام کے باعث 25 جولائی تک پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

پی ایم ڈی کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مظفرآباد اور گلگت سمیت متعدد علاقوں میں کہیں کہیں تیز بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:بھارتی طیاروں کے لیے پاکسانی فضائی حدود میں ’نو انٹری‘ برقرار، تاریخ میں مزید توسیع

حکام نے سیاحوں کو بالخصوص شمالی علاقوں کے سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی ریلوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی صورتحال سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp