پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپنی ایک انوکھی ’خواہش‘ کا اظہار کردیا۔
ن لیگ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منگل کو مظفرآباد یونیورسٹی گراؤنڈ میں اپنی دختر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف نے ازراہ تفنن ایک بات کہی جس پر سننے والے بے حد محظوظ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں مسلم لیگ ن کا پاور شو: اقتدار میں آکر آزاد کشمیر کا بجٹ 10 گنا بڑھا دیں گے، نواز شریف
نواز شریف نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ الیکشن میں کامیابی ملنے پر میں وزیراعظم شہباز شریف سے کہوں کہ وہ مجھے وزیراعظم آزاد کشمیر بنادیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسلم لیگ ن کو عوام نے خدمت کا موقع دیا تو آزاد کشمیر کے تمام مسائل حل کریں گے۔
نواز شریف نے کہا کہ اگر میں آزاد کشمیر کا وزیراعظم نہ بھی بن سکا تو بھی ہر 3 ماہ بعد مظفرآباد، راولاکوٹ اور دیگر علاقوں کا خود دورہ کروں گا، منشور پر عمل کا جائزہ لوں گا اور عوام کو گواہ بنا کر ہر وعدہ پورا کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو ترقی پنجاب میں ہو رہی ہے، وہی ماڈل آزاد کشمیر میں بھی ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اسکول آف ایمیننس کا آغاز، 71 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
پارٹی صدر نے کہا کہ بطور وزیراعظم پاکستان میں نے آزاد کشمیر کے لیے جو منصوبہ منظور کیا تھا وہ مسلم لیگ ن کی جانب سے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ مکمل ہو جاتا تو سڑکوں، اسپتالوں، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کا جال بچھ جاتا اور خوشحالی آتی۔
نواز شریف نے کہا کہ میں نے کبھی پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں کوئی فرق نہیں برتا کیوں کہ آزاد کشمیر میرا دوسرا گھر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے مریم نواز سے کہا کہ مظفرآباد پاکستان کے خوبصورت ترین شہروں میں شامل ہونا چاہیے اور جو ترقی پنجاب میں ہو رہی ہے وہی ترقی آزاد کشمیر میں بھی نظر آنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن انتخابی مہم کا آغاز کرکے دیگر سیاسی جماعتوں پر بازی لے گئی
ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا تو پنجاب کے کامیاب منصوبے ایک ایک کرکے یہاں بھی لائیں گے اور آزاد کشمیر کی تقدیر بدلیں گے۔












