آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مہاجرین کی مخصوص نشستوں کے لیے 2 اگست کو ہونے والے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے راولپنڈی ڈویژن میں 4,000 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
علاقائی پولیس کے مطابق فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا کہ ووٹرز کو محفوظ ماحول میں حقِ رائے دہی کا استعمال یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
ڈویژن میں سیکیورٹی پلان
راولپنڈی ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کے ترجمان کے مطابق آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے 4,029 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن انتخابی مہم کا آغاز کرکے دیگر سیاسی جماعتوں پر بازی لے گئی
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ڈویژن کے چار حلقوں، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں 175 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جنہیں حساسیت کی بنیاد پر ’اے‘ (انتہائی حساس)، ’بی‘ (حساس) اور ’سی‘ (عام) کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
آر پی او نے کہا کہ آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جبکہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی نگرانی اور مؤثر گشت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان پر ہر قیمت پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور مشکوک افراد، سرگرمیوں اور غیر قانونی اسلحے کی سخت نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن قوانین اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ ضلعی انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور مؤثر ہم آہنگی برقرار رکھی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران خود میدان میں موجود رہ کر انتخابی سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔
ضلع راولپنڈی میں 3,100 اہلکار تعینات
ضلعی پولیس نے آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے علیحدہ سیکیورٹی اور ٹریفک پلان بھی مرتب کیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ضلع راولپنڈی کے 100 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کے ہموار عمل کو یقینی بنانے کے لیے 3,100 سے زیادہ ضلعی پولیس اہلکار اور 200 ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر: میرپور ڈویژن میں انتخابات کل، 13 حلقوں میں 288 امیدوار مدمقابل، سخت سیکیورٹی انتظامات
ان 100 پولنگ اسٹیشنز میں سے 18 کو کیٹیگری اے، 45 کو کیٹیگری بی اور 37 کو کیٹیگری سی میں رکھا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشنز تھانہ سٹی، گنج منڈی، رتہ امرال، پیرودھائی، وارث خان، بنی، نیو ٹاؤن، صادق آباد، چکلالہ، سول لائنز، کینٹ، ریس کورس، ٹیکسلا، واہ کینٹ، صدر بارونی، ڈھمیال، چکری، چونترہ، راوت، مندرہ، گوجر خان، جتلی، کلر سیداں اور کہوٹہ کے علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پولنگ کے سامان کی محفوظ ترسیل کے لیے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے، اور انتخابی عمل کی تکمیل تک فول پروف سیکیورٹی انتظامات جاری رہیں گے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر آزاد جموں کشمیر میں انتخابات 3 مراحل میں کرائے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے کی پولنگ پیر کو میرپور ڈویژن میں مکمل ہو چکی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ ہو گی جس میں مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی اسی روز ووٹنگ ہوگی۔













