سپریم کورٹ نے سینئر قانون دان اعتزاز احسن کی اہلیہ بشریٰ اعتزاز کو اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ کے لیے ٹیکس استثنیٰ دینے سے متعلق کیس میں ان لینڈ ریونیو کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔
جسٹس نعیم افغان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 7 اگست کو ان لینڈ ریونیو کی جانب سے دائر اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے آن لائن ریٹرنز جمع کرانے کے نئے قواعد متعارف کرا دیے
کیس کے مطابق بشریٰ اعتزاز نے اسلام آباد میں واقع اپنی رہائش گاہ کے لیے ٹیکس استثنیٰ کی درخواست دی تھی، تاہم ان لینڈ ریونیو حکام نے یہ درخواست مسترد کر دی تھی۔
ریونیو حکام کا مؤقف تھا کہ اسی رہائش گاہ پر ٹیکس استثنیٰ کی سہولت اعتزاز احسن پہلے ہی حاصل کر چکے ہیں، اس لیے اس جائیداد پر دوبارہ استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر نے گلگت بلتستان میں درآمدات پر ٹیکس استثنیٰ سے متعلق وضاحت کردی
بعد ازاں بشریٰ اعتزاز نے ان لینڈ ریونیو کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، جہاں عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان لینڈ ریونیو کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے خلاف ان لینڈ ریونیو نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، جہاں اب 7 اگست کو 3 رکنی بینچ اس معاملے کی سماعت کرے گا۔













