پی آئی اے کی پرواز میں مسافروں کو کیسی سہولیات مل رہی ہیں؟ خستہ حال کیبن کی ویڈیو وائرل

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایک پرواز کے اندرونی حصے کی مبینہ خستہ حالت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد قومی ایئرلائن کے کیبن اور دیکھ بھال کے معیار پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں طیارے کی نشستیں دکھائی گئی ہیں۔ ویڈیو میں بعض نشستوں کے ہیڈ کورز پھٹے، گندے اور زرد دکھائی دے رہے ہیں جبکہ کچھ مقامات پر سیٹ کا فوم بھی باہر نکلا ہوا نظر آتا ہے۔

ویڈیو میں طیارے کے فرش پر کچرا بھی موجود ہے جبکہ نشستوں کے بعض دیگر حصے بھی خستہ حالت میں دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ بعض صارفین نے پی آئی اے کی انتظامیہ اور طیاروں کی دیکھ بھال کے معیار پر تنقید کی۔ ایک صارف نے طیارے کی حالت کو کراچی کی بس سے بھی تشبیہ دے دی۔

اطہر سلیم لکھتے ہیں کہ شاید کہ کبھی کبھی شاید کبھی نہ کبھی پی آئی اے کے حالات درست ہوجائیں امید پر دنیا قائم ہے۔ جبکہ ویڈیو بنانے والی خاتون کا کہنا تھا کہ اس پر 2 کروڑ بھی نہیں لگنا اور اس جہاز کی حالت اچھی ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری مکمل، نئی انتظامیہ کا روڈ میپ کیا ہے؟

واضح رہے کہ پی آئی اے کو ماضی میں بھی طیاروں کے کیبن، نشستوں، ہینڈلز اور اوور ہیڈ بِنز کی مبینہ خستہ حالت کے حوالے سے تنقید کا سامنا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایسی متعدد ویڈیوز سامنے آچکی ہیں جن میں مسافروں نے قومی ایئرلائن میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار پر سوالات اٹھائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp