کولکتہ کے ہوٹل میں ہولناک آتشزدگی، 9 افراد جاں بحق، 6 زخمی

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے شہر کولکتہ میں بدھ کی علی الصبح ایک ہوٹل میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

آگ نیو مارکیٹ کے قریب فری اسکول اسٹریٹ پر واقع ہوٹل میں رات قریباً 2 بجے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے دیگر حصوں تک پھیل گئی۔ آگ لگنے کے وقت بیشتر مہمان سو رہے تھے، جس کے باعث دھویں نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور متعدد افراد اندر پھنس گئے۔

مزید پڑھیں:بنکاک کے شراب خانے میں ہولناک آتشزدگی، 27 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرز نے عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور کئی افراد کو کھڑکیوں کے ذریعے باہر نکالا۔ شدید دھویں کے باعث بالائی منزلوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بعد ازاں آگ پر قابو پالیا گیا۔

حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ بعض رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ متاثرین میں بنگلہ دیشی شہری بھی شامل تھے جو طبی علاج کے لیے کولکتہ آئے تھے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ہوٹل کی تیسری منزل پر لگی اور ممکنہ طور پر ایئر کنڈیشنر میں دھماکے کے باعث شروع ہوئی، تاہم آگ لگنے کی حتمی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی اور تحقیقات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں:دہلی کے ریسٹورنٹ میں ہولناک آتشزدگی، 21 افراد ہلاک

واقعے کے بعد عمارت میں فائر سیفٹی انتظامات اور ہنگامی اخراج کے راستوں سے متعلق بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پولیس اور فرانزک ماہرین نے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ اور کسی ممکنہ غفلت کا تعین کیا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp