جیمز بانڈ کراچی کے کس ریسٹورنٹ کے دیوانے تھے؟

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی جاسوس کردار جیمز بانڈ کا کراچی کے ایک ’زبردست ریسٹورنٹ‘ سے متعلق مشہور ڈائیلاگ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ 1987 میں ریلیز ہونے والی فلم The Living Daylights کے ایک منظر میں جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے ٹموتھی ڈالٹن کراچی کا حوالہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ شہر میں ایک اچھا ریسٹورنٹ جانتے ہیں جہاں وہ کھانا کھا سکتے ہیں۔

فلم کے اس منظر نے کراچی کے شہریوں اور کھانے کے شوقین افراد کے لیے ایک دلچسپ سوال چھوڑ دیا کہ آخر جیمز بانڈ جس ریسٹورنٹ کا ذکر کر رہے تھے وہ کون سا تھا۔ فلم میں کراچی کی جانب اشارہ کرنے والا سائن بورڈ بھی دکھایا گیا ہے تاہم اس ریسٹورنٹ کا نام یا مقام واضح نہیں کیا گیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by James Bond 007 (@007)

اس دلچسپ حوالے کو سامنے رکھتے ہوئے کراچی کے روایتی اور مقبول کھانوں کا جائزہ لیا جائے تو نہاری، بریانی، فرائی کباب، کٹا کٹ اور حلیم ایسے کھانے ہیں جنہیں شہر کی شناخت کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔

کراچی کی مشہور نہاری کے لیے فیڈرل بی ایریا کا جاوید نہاری اور صدر کا زاہد نہاری معروف نام ہیں جبکہ برنس روڈ کے فرائی کباب بھی شہر کے منفرد ذائقوں میں شمار ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سڈنی سوینی جیمز بانڈ سیریز میں جلوہ گر ہونے کو تیار

اسی طرح کراچی کی بریانی شہر بھر میں بے حد مقبول ہے اور مختلف علاقوں میں متعدد معروف بریانی پوائنٹس موجود ہیں۔ دوسری جانب کٹا کٹ بھی کراچی کے روایتی کھانوں میں نمایاں مقام رکھتا ہے جسے پکانے کے دوران چھریوں کی مخصوص آواز اس کی منفرد پہچان بن چکی ہے۔

حلیم بھی کراچی کے پسندیدہ کھانوں میں شامل ہے جو بالخصوص مذہبی مواقع پر زیادہ تیار کی جاتی ہے، تاہم شہر میں کئی مقامات پر یہ پورا سال دستیاب رہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی چشمے نابینا افراد کی آنکھیں بن گئے، جانیے استفادہ کرنے والے کیا کہتے ہیں؟

دلچسپ امر یہ ہے کہ فلم میں جیمز بانڈ نے جس ریسٹورنٹ کا ذکر کیا اس کا نام کبھی سامنے نہیں آیا اس لیے یہ سوال آج بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ اگر جیمز بانڈ واقعی کراچی آتے تو آخر کس ریسٹورنٹ میں کھانا کھاتے؟

فلم The Living Daylights میں ٹموتھی ڈالٹن نے جیمز بانڈ کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ یہ فلم 1987 میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کے کراچی سے متعلق اس مختصر منظر نے برسوں بعد بھی شائقین کو یہ سوچنے پر مجبور کر رکھا ہے کہ بانڈ کا ’عظیم ریسٹورنٹ‘ آخر کون سا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp