پانچوں آئل ریفائنریاں ریفائنری اپ گریڈ پالیسی کے تحت معاہدوں کے لیے تیار، علی پرویز ملک

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ ملک کی پانچوں آئل ریفائنریاں ریفائنری اپ گریڈ پالیسی کے تحت معاہدوں پر دستخط کے لیے تیار ہیں، جن سے 6 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پانچوں آئل ریفائنریوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط آئندہ ماہ کے آغاز میں متوقع ہیں۔ ان معاہدوں کے نتیجے میں ملک میں 6 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری آئے گی۔

یہ بھی پڑھیے عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرولیم قیمتیں روز تبدیل کرنا پڑتی ہیں، علی پرویز ملک

کراچی کے دورے کے دوران وزیرِ پیٹرولیم نے پی اے آر سی او، پاکستان ریفائنری، اٹک ریفائنری، نیشنل ریفائنری اور سینرجیکو کی انتظامیہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈ پالیسی پر عمل درآمد، ریفائنریوں کی مالی و آپریشنل کارکردگی اور توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ ملک کے ریفائننگ شعبے کو طویل المدتی بنیادوں پر مستحکم رکھنے کے لیے ریفائنریوں کو جدید بنانا ناگزیر ہے۔ اپ گریڈیشن کے بعد ریفائنریاں یورو فائیو معیار کی پیٹرولیم مصنوعات تیار کرنے کے قابل ہوں گی، جس سے پیٹرول اور ڈیزل کی درآمد پر انحصار کم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے پاکستان میں اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو کا قیام: پٹرولیم ڈویژن نے امکانات کا جائزہ شروع کر دیا

وزیرِ پیٹرولیم نے کہا کہ مقامی سطح پر ایندھن کی پیداوار میں اضافے سے قیمتوں میں کمی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ریفائنری اپ گریڈ پالیسی پر عمل درآمد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ریفائنریوں کو مسلسل سہولت فراہم کرتی رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp