کراچی میں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے ماہرین نے انتہائی پیچیدہ اور حساس سرجری کے ذریعے 12 سالہ بچے کے دل میں پیوست گولی کامیابی سے نکال کر اس کی جان بچا لی۔
این آئی سی وی ڈی کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کا رہائشی 12 سالہ بچہ خضدار شہر میں حادثاتی طور پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا تھا، جس کے بعد اسے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔
تاہم انجری کی غیر معمولی نوعیت اور تشویشناک حالت کے باعث اسے فوری طور پر خصوصی قلبی علاج کی ضرورت تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جناح اسپتال کراچی کا کارنامہ، روبوٹک سرجری کا کامیاب آغاز
بچے کو بعد ازاں کراچی منتقل کیا گیا، جہاں مختلف اسپتالوں میں علاج کی کوشش کی گئی، تاہم پیچیدہ صورتحال کے پیش نظر اسے بالآخر این آئی سی وی ڈی کراچی کے شعبہ چائلڈ ایمرجنسی لایا گیا۔
این آئی سی وی ڈی پہنچنے پر ماہر طبی ٹیم نے فوری طبی معائنہ شروع کیا۔ ہنگامی بنیادوں پر کی جانے والی ایکو کارڈیوگرافی کے ذریعے بچے کے دل میں گولی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
بچے کی جان کو لاحق شدید خطرے کے پیش نظر طبی ٹیم نے بغیر کسی تاخیر کے ہنگامی سرجری کا فیصلہ کیا اور چند ہی منٹوں میں اسے آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا گیا۔
این آئی سی وی ڈی کراچی میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ بچے کے دل میں پیوست گولی کامیابی سے نکال کر اس کی جان بچا لی گئی۔
این آئی سی وی ڈی میں پاکستان بھر سے آنے والے مریضوں کو جدید اور معیاری قلبی علاج بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔#NICVD #FreeCardiacTreatment #Sindh pic.twitter.com/P38a0zGYfK— NICVD (@nicvd_karachi) September 5, 2026
تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہنے والی انتہائی پیچیدہ سرجری کی سربراہی ماہر پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن پروفیسر سہیل خان بنگش نے کی، جبکہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن ڈاکٹر سعد بدر بھی سرجیکل ٹیم کا حصہ تھے۔
کثیرالشعبہ جاتی طبی ٹیم میں پیڈیاٹرک انٹروینشنلسٹ ڈاکٹر عبد الستار شیخ، ماہرِ بے ہوشی پروفیسر امین خواجہ سمیت دیگر ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
پروفیسر سہیل خان بنگش کے مطابق بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا اور گولی اس کے دل میں پیوست تھی، فوری طبی معائنے کے بعد بغیر کسی تاخیر کے ہنگامی سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ’جب سعودی ڈاکٹروں نے غیرمعمولی آپریشن کے ذریعے پاکستانی شہری کی جان بچا لی‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی پیچیدہ اور حساس آپریشن تھا، تاہم طبی ٹیم کی مربوط کاوشوں کے نتیجے میں گولی کامیابی سے نکال لی گئی اور اب بچہ تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔
کامیاب آپریشن کے بعد بچے کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ماہر طبی ٹیم اس کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور اس کی صحت میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی پروفیسر طاہر صغیر نے کامیاب اور جان بچانے والے آپریشن پر سرجیکل و معاون طبی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت فیصلہ سازی اور انتھک کاوشوں کو سراہا۔














