کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج: 12 منصوبے مکمل، 7 پر کام جاری، 5 نئے منصوبے تجویز

ہفتہ 12 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو ماضی کے ’لٹل پیرس‘ کی شکل دینے کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، اسلام آباد اور کوئٹہ کے درمیان ساؤتھ ایئر کی پروازوں کا باقاعدہ آغاز

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت چیف منسٹر سیکریٹریٹ میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 12 منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں، 7 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 5 نئے منصوبے بھی تجویز کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے نئے تجویز کردہ منصوبوں پر بھی بلا تاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ ہے اور صوبائی دارالحکومت کی ترقی و خوبصورتی پورے صوبے کی شناخت سے جڑی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیے: کوئٹہ میں پانی کی شدید قلت: واسا کی سپلائی محدود، عوام ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر

حکومت کوئٹہ کو بہتر، خوبصورت اور جدید صوبائی دارالحکومت بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کی ماضی کی خوبصورتی اور تاریخی شناخت کی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ بنیادی شہری سہولیات، انفراسٹرکچر اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تمام منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی کاموں میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کوئٹہ کو ایسا خوبصورت اور منظم شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے جہاں شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات میسر ہوں اور صوبائی دارالحکومت اپنی تاریخی و ثقافتی شناخت برقرار رکھتے ہوئے ایک جدید شہر کے طور پر بھی نمایاں ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp