ہالی ووڈ یا بالی ووڈ فلم کی کہانی لگنے والا ایک حیران کن واقعہ اس وقت حقیقت بن گیا جب نیدرلینڈز میں رہنے والی 2 بھارتی نژاد خواتین کو کئی دہائیوں کی دوستی کے بعد معلوم ہوا کہ وہ دراصل ایک دوسرے کی حقیقی بہنیں ہیں۔
برطانوی میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق مینا گیلٹنک اور منال ٹیئسن دونوں کو 1980 کی دہائی کے اوائل میں بھارت کے شہر ممبئی کے مختلف یتیم خانوں سے الگ الگ خاندانوں نے گود لیا تھا۔ دونوں کی پرورش نیدرلینڈز میں ایک دوسرے کے قریب ہوئی، لیکن اس وقت کسی کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کے درمیان خونی رشتہ بھی موجود ہے۔
Best friends for decades – until a DNA test revealed they were sisters https://t.co/4JP6njtWeU
— BBC News (World) (@BBCWorld) September 12, 2026
دونوں کی پہلی ملاقات نوعمری میں ایک ایسے پروگرام کے دوران ہوئی جہاں مختلف بچوں کو اکٹھا کیا گیا تھا۔ پہلی ہی ملاقات میں ان کی شکل و صورت اور انداز میں حیرت انگیز مماثلت نے سب کی توجہ حاصل کی۔ ان کے دوستوں نے بھی دونوں کو آئینے میں دیکھنے کا مشورہ دیا، جس پر مینا نے محسوس کیا کہ منال کی ناک اور ہنسی بالکل اس جیسی ہے۔
ملاقات کے بعد دونوں میں گہری دوستی ہوگئی۔ وہ ایک دوسرے کو خطوط لکھتی رہیں اور محبت سے ’سس‘ کہہ کر مخاطب کرتی تھیں۔ اسکول، دوستوں، موسیقی اور کھیلوں سمیت زندگی کے کئی معاملات ایک دوسرے سے شیئر کرتی رہیں۔ دونوں کو بیک اسٹریٹ بوائز بھی پسند تھے۔
تقریباً 15 سال قبل دونوں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ منال فرانس منتقل ہوگئیں جبکہ مینا اپنی پہلی اولاد کی پیدائش کے بعد مصروف ہوگئیں۔ تاہم برسوں بعد ڈی این اے ٹیسٹ نے دونوں کو دوبارہ ملا دیا۔
یہ بھی پڑھیں:جینیٹکس کی دنیا میں بڑی پیشرفت: گوگل ڈیپ مائنڈ نے انسانی ڈی این اے کی 9 ارب تبدیلیوں کی میپنگ کر لی
برطانوی میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق مینا نے 2017 میں ڈی این اے ٹیسٹ کرایا تھا لیکن کوئی مماثلت سامنے نہیں آئی۔ رواں سال اپریل میں منال نے بھی ڈی این اے ٹیسٹ کرایا۔ 20 مئی کو منال نے فیس بک پر مینا سے رابطہ کیا اور ٹیسٹ کا نتیجہ بھیجا۔ مینا نے دوبارہ ایپ کھولی تو نتیجہ دیکھ کر حیران رہ گئیں، دونوں کا ڈی این اے 100 فیصد میچ تھا اور رپورٹ نے تصدیق کردی کہ وہ حقیقی بہنیں ہیں۔
مینا کا کہنا تھا کہ یہ جان کر وہ رو پڑیں اور انہیں محسوس ہوا جیسے زندگی کی گمشدہ کڑی واپس مل گئی ہو۔ اگست میں دونوں نے حقیقی بہنوں کی حیثیت میں پہلی بار ملاقات کی، جہاں آنسوؤں، گلے ملنے اور ہنسی کے ساتھ جذباتی لمحات دیکھنے میں آئے۔

منال نے کہا کہ وہ بہنیں تو پوری زندگی تھیں، بس انہیں اس حقیقت کا علم نہیں تھا۔ دونوں اب ایک دوسرے کے خاندانوں سے بھی مل چکی ہیں اور مستقبل میں ایک ساتھ ممبئی جانے اور ان گلیوں کو دیکھنے کی خواہش رکھتی ہیں جہاں سے ان کی زندگی کی یہ حیران کن کہانی شروع ہوئی تھی۔














