بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا (گرمیت سنگھ) جولی کے بیٹے ابیر سنگھ بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان اپنے بھتیجے کی ڈیبیو فلم میں خصوصی کردار ادا کریں گے
ابیر کے ڈیبیو کی خبریں کئی سالوں سے گردش کر رہی تھیں لیکن اس پروجیکٹ کے بارے میں کوئی واضح اپ ڈیٹ سامنے نہیں آئی تھی۔ اب آن لائن رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ابیر اپنی پہلی فلم ‘ٹارزن’ سے ڈیبیو کریں گے۔
فلم فیئر کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم ‘ٹارزن’ ابیر سنگھ کے ایکٹنگ کیریئر کا آغاز ہوگی۔ اس فلم میں سورج پنچولی بھی مرکزی کردار میں ہوں گے۔ فی الحال اس پروجیکٹ کے بارے میں زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ سلمان خان اس فلم کو پروڈیوس کریں گے یا اس کا حصہ بنیں گے۔
سلمان خان کی جانب سے شیرا کے بیٹے کو لانچ کرنے کی خبریں پہلی بار سنہ 2022 میں سامنے آئی تھیں۔ اس وقت کہا گیا تھا کہ سپر اسٹار خود ابیر سنگھ کے ڈیبیو پروجیکٹ کو لے کر ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں۔
مزید پڑھیے: سلمان خان پسندیدہ ریئلٹی شو میزبانوں کی فہرست میں سب سے آگے
تازہ رپورٹ ایک بار پھر ابیر کے بالی ووڈ ڈیبیو کو خبروں میں لے آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ ‘ٹارزن’ سے انڈسٹری میں قدم رکھیں گے تاہم فلم کے ڈائریکٹر، پروڈکشن بینر اور باقی کاسٹ کے بارے میں ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
سلمان خان کے لانچ کیے ہوئے اداکار
سلمان خان نے گزشتہ برسوں میں کئی اداکاروں کو بالی ووڈ میں لانچ کیا ہے۔
سوناکشی سنہا نے ‘دبنگ’، زرین خان نے ‘ویر’، ڈیزی شاہ نے ‘جے ہو’ میں سلمان کے مقابل اور سائی منجریکر نے ‘دبنگ 3’ سے ہندی سینما میں قدم رکھا تھا۔
سلمان خان کی آنے والی فلمیں
سلمان خان کی آنے والی فلموں میں ‘ماتربھومی’ اور ’ایس وی سی 63‘ شامل ہیں۔ ‘ماتربھومی’ کی ہدایت کاری اپوروا لاکھیا نے کی ہے اور اسے رواں سال اپریل میں ریلیز ہونا تھا تاہم اس کی ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے اور نئی تاریخ کا اعلان ہونا باقی ہے۔
مزید پڑھیں: سلمان خان کو دھمکیاں دینے کے پیچھے کوئی گینگ نہیں تھا، ممبئی پولیس کا حیران کن انکشاف
جبکہ ’ایس وی سی 63‘ اس وقت زیر تکمیل ہے۔ ومشی پائیڈی پلی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں نین تارا مرکزی اداکارہ ہیں اور اسے اگلے سال عید پر ریلیز کرنے کا پلان ہے۔














