برینڈن ٹیلر نے سچن ٹنڈولکر کا طویل ترین ون ڈے کیریئر کا ریکارڈ توڑ دیا

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

زمبابوے کے اسٹار بلے باز برینڈن ٹیلر نے بھارت کے لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا طویل ترین ون ڈے کیریئر کا ریکارڈ توڑ دیا، جس کے نتیجے میں سابق بھارتی کرکٹر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر چلے گئے۔

کرک انفو کے مطابق زمبابوے کے وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر نے مردوں کی کرکٹ میں طویل ترین ون ڈے کیریئر کا ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ٹیلر کا ون ڈے کیریئر اب 22 سال اور 148 دن پر محیط ہو گیا ہے، جو سچن ٹنڈولکر کے 22 سال اور 91 دن کے ریکارڈ سے زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے جو روٹ نے ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا، ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم

زمبابوے کے کھلاڑی نے یہ کارنامہ منگل کے روز ہرارے میں آسٹریلیا کے خلاف جاری 3 میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں شرکت کے بعد انجام دیا۔ اس کے نتیجے میں اب ٹنڈولکر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

طویل ترین ون ڈے کیریئر رکھنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سابق سری لنکن کرکٹر سنتھ جے سوریا 21 سال اور 184 دن کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

سچن ٹنڈولکر اگرچہ طویل ترین ون ڈے کیریئر کا ریکارڈ کھو چکے ہیں، تاہم وہ اب بھی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے 463 میچوں میں 18 ہزار 426 رنز اسکور کیے ہیں، جو اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ ہیں۔

40 سالہ برینڈن ٹیلر نے اپریل 2004 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا تھا اور زمبابوے کے نمایاں بلے بازوں میں اپنی شناخت بنائی۔ انہوں نے 207 ون ڈے میچوں میں 6 ہزار 704 رنز بنانے کے ساتھ 11 سنچریاں بھی اسکور کر رکھی ہیں۔

برینڈن ٹیلر نے 2021 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، تاہم 2025 میں زمبابوے کی جانب سے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے دوران وہ دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے۔

جنوری 2022 میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ 2019 میں بدعنوان عناصر نے انہیں کوکین کی پیشکش کرکے اور بعد ازاں بلیک میلنگ کے ذریعے میچ فکسنگ کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی تھی۔ کرک انفو کے مطابق، ٹیلر نے اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے کوئی میچ فکس نہیں کیا تھا، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے حوالے سے خدشات تھے، اس لیے انہوں نے اس پیشکش کی اطلاع آئی سی سی کو دینے میں تاخیر کی۔

یہ بھی پڑھیے 5 گیندوں پر 5 شکار: کرٹس کیمفر نے ٹی20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا

آئی سی سی کو تاخیر سے اطلاع دینے کے معاملے پر انہیں تمام طرز کی کرکٹ سے ساڑھے تین سال کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔

پابندی کی مدت مکمل ہونے کے بعد ٹیلر 2025 میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے۔ یہ وہ وقت تھا جب زمبابوے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری کر رہا تھا، جس کی مشترکہ میزبانی زمبابوے کے پڑوسی ممالک جنوبی افریقا اور نمیبیا کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp