انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست کے بعد جاری کردہ آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم اور مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے 2،2 درجے ترقی حاصل کی ہے، جبکہ کئی پاکستانی کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں تنزلی ہوئی ہے۔
بابر اعظم 684 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 15ویں سے 13ویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ سعود شکیل 674 پوائنٹس کے ساتھ 18ویں سے 16ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں: منفرد ترین انداز میں بیٹسمین آؤٹ ہونے کا منظر، کیا کرکٹ کی تاریخ میں پہلے کبھی ایسا دیکھا ہے؟
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد 593 پوائنٹس کے ساتھ 33ویں سے 34ویں نمبر پر آگئے، جبکہ سابق کپتان شان مسعود نے چار درجے بہتری حاصل کی اور 586 پوائنٹس کے ساتھ 41ویں سے 37ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے بعد 559 پوائنٹس کے ساتھ 44ویں نمبر پر آگئے، جبکہ عبداللہ شفیق 11 درجے نیچے جا کر 556 پوائنٹس کے ساتھ 46ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق 506 پوائنٹس کے ساتھ 58ویں نمبر پر بدستور موجود ہیں، جبکہ رضوان اللہ نے بھی 91ویں پوزیشن برقرار رکھی۔ اذان اویس نے 6 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 358 پوائنٹس کے ساتھ 95ویں نمبر پر جگہ بنالی۔
انگلینڈ کے ہیری بروک دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز ہیں، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے جبکہ انگلینڈ کے واپس آنے والے کپتان جو روٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
نعمان علی اور محمد عباس کی تنزلی
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر نعمان علی ایک درجہ تنزلی کے بعد 777 پوائنٹس کے ساتھ نویں سے 10ویں نمبر پر آگئے۔
محمد عباس کو 13 وکٹیں حاصل کرنے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے کے باوجود ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ 713 پوائنٹس کے ساتھ 15ویں سے 16ویں نمبر پر آگئے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 593 پوائنٹس کے ساتھ 31ویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ اسپنر ساجد خان بھی 587 پوائنٹس کے ساتھ 32ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ فاسٹ بولر حسن علی، جنہوں نے رواں سال مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری مرتبہ ریڈ بال میچ کھیلا تھا، ایک درجہ تنزلی کے بعد 44ویں نمبر پر آگئے۔
خرم شہزاد 55ویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ اسپنر علی عثمان بھی 75ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ محمد علی 81ویں اور عامر جمال 83ویں نمبر پر ہیں، جبکہ اسپنر آصف آفریدی 91ویں نمبر پر موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: محمد رضوان کا این سی سی آئی اے کو جواب، طلبی کی وجوہات اور موبائل واپسی پر سوالات
آئی سی سی ٹیسٹ بولرز کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک پہلے نمبر پر ہیں، نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری دوسرے جبکہ انگلینڈ کے اولی رابنسن ترقی کرکے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
بھارت کے جسپریت بمراہ اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔














