9ویں جماعت کے خراب نتائج پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اساتذہ پر برہم، کارروائی کا فیصلہ

جمعرات 17 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کلاس نہم کے امتحانی نتائج پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے خراب نتائج کے حامل اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی اور نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں اسکول ایجوکیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں طلبہ کے امتحانی نتائج کو اساتذہ کی کارکردگی سے منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ہر کلاس میں ماہانہ اور سالانہ امتحانات شروع کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں جماعت نہم اور گیارہویں کا تعلیمی نصاب تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

وزیراعلیٰ نے اگلے ہفتے مکمل ٹائم لائن اور اصلاحات کا منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نویں جماعت میں 20 فیصد سے کم نتائج والے اسکولوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔

مریم نواز شریف نے بہترین نتائج دینے والے اسکولوں کے لیے انعامات دینے کی ہدایت بھی کی۔ ہر ضلع میں نتائج کے لحاظ سے بہترین کارکردگی دکھانے والے اسکولوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس میں سرکاری اسکولوں میں پڑھائی میں کمزور طلبہ کے لیے شام کی کوچنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کمزور طلبہ کو اسکول سے نکالنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا، طالبات پھر بازی لے گئیں

وزیراعلیٰ نے ہیڈ ٹیچرز کی خالی آسامیاں 45 دن میں پُر کرنے کا حکم دیا اور سرکاری اسکولوں میں مضمون کے ماہر اساتذہ کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے وزیر تعلیم کو ہر سطح پر چیکنگ اور نگرانی کی بھی ہدایت کی۔

مریم نواز شریف نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بھون، جھنگ کے بہترین نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا، مظفرگڑھ اور لیہ کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نتائج کے اعتبار سے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

وزیراعلیٰ نے اسکولوں کی ضلع وار ماہانہ درجہ بندی کا ڈیٹا بھی طلب کرلیا۔ اسکولوں کی نگرانی کے لیے ‘یونیفائیڈ مانیٹرنگ ایپ’ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرک امتحانات: سرکاری اسکولوں کے 80 فیصد طلبہ فیل ہونے پر اساتذہ کے خلاف کیا کارروائی ہوگی؟

اجلاس میں پنجاب میں ‘لائبریری آن ویل’ کے پائلٹ منصوبے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس کا آغاز لاہور سے ہوگا۔ شمسی توانائی سے چارجنگ کی سہولت سے لیس تین پہیوں والی گاڑی میں بیس ہزار سے زائد ڈیجیٹل کتابیں موجود ہوں گی جبکہ لائبریری آن ویل میں ویڈیو کے ذریعے تعلیمی لیکچرز کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے آؤٹ سورس کیے گئے اسکولوں کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں صرف پوائنٹ اسکورنگ سے بات نہیں بنے گی بلکہ بہتری لانا ہوگی، اساتذہ کی محنت طلبہ کے نتائج میں نظر آنی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp