انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے روز بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں: خراماں خراماں: روپے کی قدر مسلسل مضبوطی کی سمت گامزن، جانیے یہ سلسلہ کب سے جاری ہے؟
کاروباری دن کے اختتام پر مقامی کرنسی 277.21 روپے پر بند ہوئی جس سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.01 روپے (1 پیسہ) کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل پیر کے روز روپیہ 277.22 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔
عالمی مارکیٹ اور کرنسی کی صورتحال
عالمی سطح پر منگل کو مضبوط امریکی ڈالر کے باعث جاپانی ین دباؤ کا شکار رہا کیونکہ خریداروں کے مطابق جاپان میں شرح سود دیگر عالمی مرکزی بنکوں کے مقابلے میں کافی کم ہے۔
منگل کو ین 157.33 فی ڈالر کی سطح پر دیکھا گیا۔ جاپان میں تعطیل اور حکومت کی جانب سے مارکیٹ میں متوقع مداخلت کے باعث کرنسی کی نقل و حرکت محدود رہی۔
عالمی کرنسیاں اور بٹ کوائن
یورپی کرنسی یورو 1.1467 ڈالر پر مستحکم رہی، جبکہ آسٹریلین ڈالر 0.7120 ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ 1.3372 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔ نیوزی لینڈ ڈالر اپنی ملٹی منتھ کی کم ترین سطح 0.5708 ڈالر پر برقرار رہا۔
مزید پڑھیے: ’ایک پیسہ بھی بہت ہے‘: امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جاری
دوسری جانب کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی جہاں ‘بٹ کوائن’ 8 ماہ کی بلند ترین سطح 87,000 ڈالر سے تجاوز کر گیا۔
مرکزی بینکوں کی پالیسی: مارکیٹ کو توقع ہے کہ بینک آف جاپان کے اکتوبر میں شرح سود 1.5 فیصد کرنے کے 30 فیصد امکانات ہیں جبکہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں 0.25 فیصد اضافے کے 55 فیصد امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
خام تیل کی قیمتیں
مسلسل 4 سیشنز میں کمی کے بعد منگل کے روز خام تیل کی قیمتوں میں پہلی بار اضافہ دیکھا گیا جس کی وجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ممکنہ امريکی و ایرانی مذاکرات کا انتظار ہے۔ نومبر کے لیے برینٹ کروڈ کے عقود 1.14 ڈالر (1.1فیصد) اضافے کے ساتھ 101.48 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی کے ستمبر کے عقود 87 سینٹس (0.9 فیصد) اضافے کے ساتھ 96.65 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے۔














