ایشین گیمز، ہاکی پلیئر عماد بٹ کا 200 انٹرنیشنل میچز کا سنگ میل عبور، نگاہیں لاس اینجلس اولمپکس پر مرکوز

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ہاکی ٹیم کے تجربہ کار مڈ فیلڈر عماد شکیل بٹ نے ایشین گیمز 2026 میں چین کے خلاف اپنا 200 واں انٹرنیشنل میچ کھیل کر شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

اس تاریخی میچ میں پاکستان نے چین کو 0-3 سے شکست دی، جبکہ عماد بٹ نے ایشین گیمز کا گولڈ میڈل جیت کر لاس اینجلس اولمپکس 2028 تک رسائی کو اپنا حتمی ہدف قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قومی ہاکی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے دی

کاواساکی جوکو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشین گیمز 2026 کے مینز فیلڈ ہاکی مقابلے میں پاکستان نے پول بی کے میچ میں چین کو باآسانی 0-3 سے شکست دی۔

میچ کے دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم حریف پر پوری طرح چھائی رہی۔ کپتان ابوبکر محمود، حنان شاہد اور سفیان خان نے ایک، ایک گول اسکور کر کے گرین شرٹس کی فتح کو یقینی بنایا۔

اگرچہ عماد بٹ اس تاریخی دن پر خود کوئی گول نہ کر سکے لیکن ٹیم کی شاندار کارکردگی نے ان کے اس سنگ میل کو یادگار بنا دیا۔

200 میچز کا شاندار کیرئیر

قومی ٹیم کے سابق کپتان عماد شکیل بٹ نے اپنے سینیئر کیرئیر کا آغاز 2013 میں کیا تھا۔ 13 برسوں پر محیط اس سفر میں انہوں نے بے شمار کامیابیاں سمیٹیں۔

چین کے خلاف میچ مکمل ہونے پر گفتگو کرتے ہوئے عماد کا کہنا تھا کہ آج انہوں نے اپنا 200 واں میچ کھیلا ہے جس پر وہ بے حد فخر محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس طویل اور کٹھن سفر میں بھرپور ساتھ دینے پر مداحوں، اہل خانہ اور پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔

سیمی فائنل کے لیے ملائیشیا سے اہم ٹاکرا

میچ کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عماد بٹ نے چینی ٹیم کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں کے شاندار کھیل اور بہترین حکمت عملی کی جم کر تعریف کی۔

مزید پڑھیں:جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج پاکستان پہنچے گی، 4 بین الاقوامی ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پول بی کی ٹاپ ٹیم ملائیشیا کے خلاف ان کا اگلا میچ اس سے بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے پرامید انداز میں کہا کہ گرین شرٹس ملائیشیا کو شکست دے کر ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لیں گے۔

نظریں لاس اینجلس اولمپکس پر

اپنی گفتگو کے اختتام پر سینیئر کھلاڑی نے واضح کیا کہ قومی ٹیم کے ارادے بہت بلند ہیں اور وہ ایک بڑے مشن پر نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارا اصل ہدف ایشین گیمز کا فائنل جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کرنا اور لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپکس 2028 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنا ہے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp